وزیراعظم شہباز شریف سے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی کی ملاقات

ویانا۔17فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کینسر کی تشخیص و علاج ، نیوکلیئر پاور جنریشن و صنعتی ایپلی کیشنز جیسے شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ میں بین الاقوامی ایجنسی برائے ایٹمی توانائی کے کردار کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور آئی اے ای اے کے مابین تعاون کو سراہا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ویانا انٹرنیشنل …

ویانا۔17فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کینسر کی تشخیص و علاج ، نیوکلیئر پاور جنریشن و صنعتی ایپلی کیشنز جیسے شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ میں بین الاقوامی ایجنسی برائے ایٹمی توانائی کے کردار کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور آئی اے ای اے کے مابین تعاون کو سراہا ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ویانا انٹرنیشنل سینٹر (وی آئی سی ) میں جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے ) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

وزیراعظم نے کینسر کی تشخیص اور علاج، زراعت، نیوکلیئر پاور جنریشن اور صنعتی ایپلی کیشنز جیسے شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ میں آئی اے ای اے کے کردار کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان مضبوط شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف آئی اے ای اے کے تکنیکی تعاون پروگرام سے مستفید ہو رہا ہے بلکہ اپنے ماہرین کی فراہمی اور آئی اے ای اے کے رکن ممالک کے لئے بین الاقوامی تربیت کے انعقاد کے ذریعے آئی اے ای اے کے کام میں حصہ ڈال رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل گروسی نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں پاکستان کے تجربے اور مہارت اور اس کے انجینئرز، سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کے اعلیٰ معیار کا اعتراف کیا۔

دیگر چیزوں کے علاوہ انہوں نے جوہری تحفظ اور سلامتی کے شعبوں میں آئی اے ای اے کے کام میں پاکستان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں آئی اے ای اے کے دیگر رکن ممالک کی مدد کے لئے ایک موزوں ملک ہے۔ وہ مارچ 2026 میں فرانس کے زیر اہتمام نیوکلیئر انرجی سمٹ میں پاکستان کی فعال شرکت کے منتظر ہیں۔ بعد ازاں انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکولوجی (INMOL)، لاہور کو آئی اے ای اے کے تعاون کے مرکز کے طور پر نامزد کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان اور آئی اے ای اے کی جانب سے بالترتیب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ڈی جی گروسی نے معاہدے پر دستخط کئے۔