اسلامک فنانس نیوز ڈیلز آف دی ایئر ایوارڈز 2025، پاکستان کی ایک ار ب ڈالر کی تاریخی سنڈیکیٹڈ فنانسنگ کیلئے دو بڑے بین الاقوامی اعزازات،وزارت خزانہ کاخیرمقدم

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وفاقی وزارتِ خزانہ نے اسلامک فنانس نیوز (آئی ایف این) ڈیلز آف دی ایئر ایوارڈز 2025 کے اعلان کاپرتپاک خیرمقدم کیا ہے جس میں پاکستان کی ایک ارب ڈالر کی تاریخی سنڈیکیٹڈ فنانسنگ کو دو بڑے بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ پاکستان کو آئی ایف این پاکستان ڈیل آف دی ایئر 2025 اور آئی ایف این سنڈیکیٹڈ فنانس ڈیل آف دی ایئر 2025 کے …

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وفاقی وزارتِ خزانہ نے اسلامک فنانس نیوز (آئی ایف این) ڈیلز آف دی ایئر ایوارڈز 2025 کے اعلان کاپرتپاک خیرمقدم کیا ہے جس میں پاکستان کی ایک ارب ڈالر کی تاریخی سنڈیکیٹڈ فنانسنگ کو دو بڑے بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ پاکستان کو آئی ایف این پاکستان ڈیل آف دی ایئر 2025 اور آئی ایف این سنڈیکیٹڈ فنانس ڈیل آف دی ایئر 2025 کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے جو عالمی اسلامی مالیاتی منظرنامے پر اس اہم لین دین کی کامیاب تکمیل کا اعتراف ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے منگل کویہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس کامیابی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزازات پاکستان کی معاشی نظم و نسق پر بین الاقوامی اعتماد اور عالمی منڈی کے مشکل حالات میں جدید اور شریعت سے ہم آہنگ مالیاتی حل ترتیب دینے کی صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔وزیرخزانہ نے اعزازات کو ان حکومتی کوششوں کی مضبوط توثیق قرار دیا جن کا مقصد مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنا، بیرونی مالیاتی بفرز کو مستحکم کرنا اور عالمی اسلامی کیپٹل منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی میں اضافہ کرنا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک ارب ڈالر کی سنڈیکیٹڈ فنانسنگ نہ صرف اہم مالی سنگِ میل ہے بلکہ پاکستان کی تجدید شدہ ساکھ اور کلی معیشت کے نظم و ضبط کے مظاہرے کی عکاس بھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس لین دین کی کامیابی ترقیاتی شراکت داروں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے باعث ممکن ہوئی۔وزیرخزانہ نے بالخصوص ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار اور معاونت کو سراہا جن کی قابلِ قدر شراکت داریسے معاملے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مددملی ۔ انہوں نے شریک بینکوں، قانونی مشیروں اور تمام متعلقہ فریقین کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی مہارت اور باہمی رابطہ کاری نے اس معاہدے کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنایا۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ عالمی اسلامی مالیاتی اشاعتی ادارے کی جانب سے یہ اعتراف پاکستان کے شریعت سے ہم آہنگ مالیاتی آلات کے فروغ اور ملکی اسلامی مالیاتی نظام کو مستحکم بنانے کے عزم کو اجاگر کررہاہے، اس نوعیت کے بین الاقوامی اعزازات سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دے رہے ہیں اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کے مقام کو مزید مستحکم بنانے میں مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔

آئی ایف این ڈیلز آف دی ایئر ایوارڈز اسلامی مالیاتی صنعت کے معتبر ترین اعزازات میں شمار ہوتے ہیں جو مختلف ممالک اور شعبوں میں نمایاں اور انقلابی نوعیت کے مالیاتی معاملات کااحاطہ کررہے ہیں ۔ یہ اعزازات ایک آزادانہ جائزہ عمل کے ذریعے دیئے جاتے ہیں اور ڈھانچہ سازی، جدت اور منڈی پر اثرات کے حوالے سے بہترین کارکردگی کو نمایاں کرتے ہیں۔آئی ایف این ایوارڈز کی تقریبات، جہاں یہ اعزازات باضابطہ طور پر پیش کئے جائیں گے، پیر 13 اپریل 2026 کو دبئی اور بدھ 22 اپریل 2026 کو کولالمپور میں منعقد ہوں گی۔

ان تقریبات میں عالمی اسلامی مالیاتی برادری سے تعلق رکھنے والے نمایاں پالیسی ساز، مالیاتی ادارے، سرمایہ کار اور صنعت کے دیگر اہم شراکت دار شریک ہوں گے ۔وزارتِ خزانہ نے لین دین میں شامل تمام شراکت داروں، مالیاتی اداروں، مشیروں اور متعلقہ ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ اعتراف عالمی اسلامی مالیاتی منظرنامے میں پاکستان کی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے اور مستحکم معاشی حکمرانی، جدت اور پائیدار مالیاتی نظم و نسق کے لیے حکومت کے مسلسل عزم کی عکاسی کررہاہے۔