این ڈی ایم اے کا ماہِ رمضان 2026 کے دوران متوقع موسمی صورتحال کا جائزہ جاری

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ماہِ رمضان المبارک 2026 کے دوران متوقع موسمی صورتحال کا جائزہ جاری کر دیا ۔ جائزہ کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر خوشگوار موسم کی توقع ہے تاہم دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا جبکہ راتیں نسبتاً ٹھنڈی رہیں گی۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق موسمی جائزے میں بتایا گیا …

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ماہِ رمضان المبارک 2026 کے دوران متوقع موسمی صورتحال کا جائزہ جاری کر دیا ۔ جائزہ کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر خوشگوار موسم کی توقع ہے تاہم دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا جبکہ راتیں نسبتاً ٹھنڈی رہیں گی۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق موسمی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ رمضان کے پہلے عشرے کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، البتہ شمالی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں رات کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسرے عشرے میں موسم قدرے گرم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار کے بعض مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔تیسرے عشرے میں ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شمالی پاکستان اور وسطی پنجاب میں وقفہ وقفہ سے بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں رمضان کے اختتام تک گرمی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے متعلق پیشگی آگاہی بروقت عوام اور متعلقہ اداروں تک پہنچائی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔