حکومت بار ایسوسی ایشنز کے مسائل کے حل اور بار رومز کی بہتری کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وکلاء برادری نظامِ انصاف کا بنیادی اور مضبوط ستون ہے، حکومت بار ایسوسی ایشنز کے مسائل کے حل اور بار رومز کی بہتری کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ترجمان کے مطابق انہوں نے یہ بات مختلف اضلاع کی بار ایسوسی ایشنز کے صدور اور نومنتخب کابینہ اراکین سے ملاقات کے دوران …

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وکلاء برادری نظامِ انصاف کا بنیادی اور مضبوط ستون ہے، حکومت بار ایسوسی ایشنز کے مسائل کے حل اور بار رومز کی بہتری کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ترجمان کے مطابق انہوں نے یہ بات مختلف اضلاع کی بار ایسوسی ایشنز کے صدور اور نومنتخب کابینہ اراکین سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں میانوالی، ملتان، خانیوال، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، پاکپتن اور عارفوالہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے نمائندگان شریک تھے۔ اس موقع پر بار رومز کی تزئین و آرائش، بنیادی سہولیات کی فراہمی، وکلاء کو درپیش پیشہ وارانہ و انتظامی مسائل اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بار عہدیداران نے اپنی اپنی بارز کو درپیش چیلنجز، وسائل کی کمی اور انفراسٹرکچر سے متعلق ضروریات سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔وفاقی وزیر قانون نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارتِ قانون و انصاف بار نمائندگان کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء کو درپیش پیشہ وارانہ و انتظامی مسائل کے حل کے لئے عملی اور دیرپا اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ نظامِ انصاف کی فعالیت اور ادارہ جاتی مضبوطی کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت وکلاء برادری کے ساتھ باہمی مشاورت کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کے نظام کو مؤثر اور فعال بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کرتی رہے گی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔