اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے لئے ایک بڑا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ سرکاری حج سکیم کے تحت منتخب ہونے والے ایک لاکھ 19 ہزار 210 عازمینِ حج کی سعودی ویزہ بائیو ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔عازمینِ حج کی سہولت کے لئے وزارت نے اس بار جدید ترین …
وزارت مذہبی امور کاحج 2026کے حوالے سے اہم سنگ میل عبور،ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کی بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے لئے ایک بڑا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ سرکاری حج سکیم کے تحت منتخب ہونے والے ایک لاکھ 19 ہزار 210 عازمینِ حج کی سعودی ویزہ بائیو ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔عازمینِ حج کی سہولت کے لئے وزارت نے اس بار جدید ترین نظام متعارف کرایا جس میں سعودی ویزہ بائیو ایپ کے ذریعے اکثر عازمین نے گھر بیٹھے موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اپنی انگلیوں کے نشانات اور دستاویزات کی تصدیق کی،وہ عازمین جنہیں ایپ کے استعمال میں دشواری کا سامنا تھا ان کے لئے ملک بھر کے 6 بڑے شہروں (اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، ملتان اور کوئٹہ) میں قائم سعودی تاشیر سینٹرز نے کلیدی کردار ادا کیا۔
وزارت کے 7 ریجنل ڈائریکٹوریٹس میں بھی خصوصی ڈیسک قائم کئے گئے تاکہ کسی بھی عازم کا ویزہ پراسیس تاخیر کا شکار نہ ہو۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی خصوصی ہدایات پر عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی۔
بائیو میٹرک کے عمل کو آسان بنانے کے لئے بینکوں کے عملے کو بھی تربیت دی گئی تھی تاکہ بزرگ اور دور دراز علاقوں کے عازمین کو پریشانی نہ ہو۔وزارت مذہبی امور کے حکام کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد حج آپریشن 2026 کو شفاف اور باسہولت بنانا ہے،
بائیو میٹرک کی بروقت تکمیل سے اب حج ویزوں کے بروقت اجرا ء کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ وزارت مذہبی امور نے 80 سال سے زائد عمر کے عازمین کوبائیو میٹرک سے مستثنیٰ کی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی بائیو میٹرک تصدیقی ای میل اور رسیدیں محفوظ رکھیں تاکہ فلائٹ آپریشن کے آغاز پر کسی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔








