امریکا جوہری تجربات کی بحالی کے لیے جواز گھڑنے کی کوشش کر رہا ہے، چین

واشنگٹن۔18فروری (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ جان بوجھ کر چین کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر کے اپنے جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کے لیے جواز پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاس کے مطا بق واشنگٹن میں چینی سفارتخانے کے ترجمان لیو پینگیو نے کہا کہ چین امریکاکی جانب سے اپنے جوہری تجربات کی بحالی کے لیے کسی بھی قسم کے بہانے تراشنے …

واشنگٹن۔18فروری (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ جان بوجھ کر چین کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر کے اپنے جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کے لیے جواز پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاس کے مطا بق واشنگٹن میں چینی سفارتخانے کے ترجمان لیو پینگیو نے کہا کہ چین امریکاکی جانب سے اپنے جوہری تجربات کی بحالی کے لیے کسی بھی قسم کے بہانے تراشنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

انہوں نے یہ بیان امریکی معاون وزیر خارجہ برائے اسلحہ کنٹرول و عدم پھیلاؤ کرسٹوفر ای کے ان الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے دیا، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چین نے حالیہ برسوں میں دھماکہ خیز جوہری تجربات کیے ہیں۔لیو پینگیو کا کہنا تھا کہ ایک بڑے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے کے حامل ملک کی حیثیت سے امریکہ پر لازم ہے کہ وہ جوہری تخفیفِ اسلحہ کے حوالے سے اپنی خصوصی اور بنیادی ذمہ داری پوری کرے، جو کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ مؤقف ہے۔

چینی سفارتکار نے مزید کہا کہ چین امریکا پر زور دیتا ہے کہ وہ پانچ جوہری ہتھیاروں کے حامل ممالک کے جوہری تجربات سے گریز کے عزم کی توثیق کرے، عالمی اتفاقِ رائے کو برقرار رکھے اور بین الاقوامی جوہری تخفیفِ اسلحہ اور عدم پھیلاؤ کے نظام کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے۔