اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سرادر محمد یوسف نے حج 2026 کے لئے خدام الحجاج کے اعلی معیار کی تربیت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس سال حج پر جانے والے عازمین حج کو کھانے پینے ، رہائش ، ٹرانسپورٹ کی یکساں اور معیاری سہولیات فراہم کریگی ، ہمارے تربیت یافتہ خدام الحجاج پاکستانی عازمین حج کی خدمت ،سعودی ریگولیشن …
خدام الحجاج کے اعلی معیار کی تربیت لائق تحسین ، خدام الحجاج خدمت ،نظم و ضبط اور ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں ، عازمین حج کو کھانے پینے ، رہائش ، ٹرانسپورٹ کی یکساں اور معیاری سہولیات فراہم کی جائے گی ، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف
اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سرادر محمد یوسف نے حج 2026 کے لئے خدام الحجاج کے اعلی معیار کی تربیت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس سال حج پر جانے والے عازمین حج کو کھانے پینے ، رہائش ، ٹرانسپورٹ کی یکساں اور معیاری سہولیات فراہم کریگی ، ہمارے تربیت یافتہ خدام الحجاج پاکستانی عازمین حج کی خدمت ،سعودی ریگولیشن کے عین مطابق نظم و ضبط اور ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں ۔ وہ بدھ کو حج کمپلیکس اسلام آباد میں حج 2026 میں مسابقتی عمل کے زریعے کامیاب قرا ر پائے جانے والے خدام الحجاج کی 10 روزہ تربیت مکمل ہونے پر سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔
وزارت مذہبی امور کے سی ایف او وکوآرڈنیٹر خدام الحجاج ذوالفقار خا ن، ڈائریکٹر حج کمپلیکس اسلام آباد قاضی سمیع الرحمان سمیت وزارت کے دیگر حکام بھی موجود تھے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو ایک عظیم ذمہ داری کے لیے منتخب کیا ہے۔ اس سال تقریباً 38ہزار امیدواروں میں سے آپ وہ 800 خوش نصیب خواتین و حضرات ہیں جنہیں "خدام الحجاج” بننے کا موقع ملا ہے۔
یہ محض ایک ڈیوٹی نہیں بلکہ ایک بڑا اعزاز ہے، کیونکہ آپ کو اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ عمرہ اور نمازوں کی سعادت بھی نصیب ہوگی۔ جس طرح سعودی فرمانروا اپنے لیے ‘خادم الحرمین الشریفین’ کا لقب باعثِ فخر سمجھتے ہیں، اسی طرح حجاج کی خدمت کرنا آپ کے لیے دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔کہا جاتا ہے کہ "عبادت سے جنت ملتی ہے لیکن خدمت سے خدا ملتا ہے”۔ ایک عام شخص کی عبادت اس کی اپنی ذات کے لیے ہوتی ہے، مگر حاجیوں کی خدمت ایسی عبادت ہے جس کا ثواب اور مقام اللہ کی رضا کے باعث حاجی سے بھی بڑھ کر ہو سکتا ہے۔ جب آپ کو خدمت کے صلے میں خدا مل جائے تو جنت کا ملنا یقینی ہے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہماری وزارت کا ریکارڈ ہمیشہ شاندار رہا ہے۔ 2013 سے 2018 کے دوران ہم نے پانچ معیاری حج کرائے، اور گزشتہ برس بھی ہماری بہترین کارکردگی پر سعودی وزارتِ حج نے ہمیں ’’ایکسی لینسی ایوارڈ‘‘سے نوازا، جبکہ وزیراعظم پاکستان نے بھی ہماری وزارت کو تعریفی شیلڈ دی ہے۔ ہماری کامیابی کا اصل معیار حجاج کا وہ مثبت فیڈ بیک ہے جو ان کی سہولت اور اطمینان سے اخذ کیا جاتا ہے۔ اس بار خواتین حجاج کی بہتر معاونت کے لیے ہم نے فی میل سٹاف کی تعداد بھی 45 سے بڑھا کر 85 کر دی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے سی ایف او وکوآرڈنیٹر خدام الحجاج ذوالفقار خا ن نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی سربرائی میں 2013 سے 2018 کے دوران پانچ سال ہونے والے حج کامیاب رہے ،ہم مزید بہتر تیاریوں کے ساتھ حج 2026 کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے قوانین اور رولز کے مد نظررکھتے ہوئے ہم نے این ٹی اسی ٹیسٹ کے زریعے کامیاب قرار پائے جانے والے خدام الحجاج کے لئے جدید ترین موڈلز کے زریعے تربیت مکمل کرائی ہے ۔ اس مشترکہ تربیت میں ہر پہلو کو مد نظر رکھا گیا ہے، ہم پرامید ہیں کہ اس سال یہ حج مشن پہلے سالوں سے مزید بہتر اور فعال کردار کے ساتھ نظر آئیں گے ۔
اس کے بعد دوسرے مرحلے میں انہی خدام الحجاج کو سپیشلائزڈ ٹریننگ بھی دیں گے تا کہ سعودی عرب پہنچنے سے پہلے سب کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کو پتہ ہو اور جیسے خدام الحجاج سعودی عرب پہنچیں اپنا کام شروع کردیں ۔اس مرتبہ ناظمین کو پاکستان سے ہی عازمین کے ساتھ بھجوائیں گے جو حج کے تمام مراحل میں ساتھ رہیں گے اور واپس بھی حجاج کرام کے اسی دستے کے ساتھ پاکستان پہنچیں گے ۔









