کولمبو ۔19فروری (اے پی پی):ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کم ترین اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں بابر اعظم کا نام سرفہرست آگیا ہے، جس کے بعد ان کی بیٹنگ حکمت عملی ایک بار پھر زیر بحث ہے۔ رواں ایڈیشن کے دوران ان کے نیٹ سیشن اور میچ پرفارمنس میں واضح فرق دیکھنے میں آیا ہے۔ پریکٹس کے دوران بابر اعظم خاصے جارحانہ انداز میں دکھائی …
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کم ترین اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں بابر اعظم کا نام سرفہرست

مزید خبریں
کولمبو ۔19فروری (اے پی پی):ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کم ترین اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں بابر اعظم کا نام سرفہرست آگیا ہے، جس کے بعد ان کی بیٹنگ حکمت عملی ایک بار پھر زیر بحث ہے۔ رواں ایڈیشن کے دوران ان کے نیٹ سیشن اور میچ پرفارمنس میں واضح فرق دیکھنے میں آیا ہے۔
پریکٹس کے دوران بابر اعظم خاصے جارحانہ انداز میں دکھائی دیے۔ انہوں نے نسیم شاہ کی شارٹ گیند کو مڈوکٹ کے اوپر سے عمدہ شاٹ کھیلا جبکہ سلمان مرزا کی آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیند پر دلکش اپر کٹ بھی لگایا۔ شاداب خان اور ابرار احمد کی لیگ اسپن کے خلاف بھی وہ کریز سے باہر نکل کر اعتماد کے ساتھ اسٹروکس کھیلتے رہے۔
تاہم ایک موقع پر نسیم شاہ کی لیگ کٹر پر وہ شاٹ درست انداز میں ٹائم نہ کر سکے اور اپنی غلطی پر ناراضی کا اظہار بھی کیا۔تقریباً 20 سے 25 منٹ کے اس سیشن میں ان کی بیٹنگ کے دو مختلف پہلو نمایاں ہوئے۔ نیٹ میں وہ پر اعتماد اور اٹیکنگ موڈ میں نظر آئے، لیکن میچ کے دوران وہی شاٹس محتاط انداز میں کھیلے گئے اور مطلوبہ روانی دکھائی نہ دی۔
اپنا چوتھا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے والے بابر اعظم کے مجموعی اعداد و شمار زیادہ حوصلہ افزا نہیں رہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں کم از کم 500 رنز بنانے والے بیٹرز میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 111.81 ہے، جو اس فہرست میں سب سے کم ہے اور سابق کپتان محمد حفیظ کے اسٹرائیک ریٹ کے برابر ہے۔ یہی اعداد و شمار ان کی بیٹنگ اپروچ پر جاری بحث کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔








