قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی مسلسل تنزلی اور حالیہ صورتحال پر غور

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ کی(ذیلی کمیٹی) میں پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی مسلسل تنزلی اور حالیہ صورتحال پر غور کیا گیا۔کمیٹی نے زور دیا کہ ہاکی کو بطور قومی کھیل نصاب میں شامل کیا جائے ، سکول،کالجوں اور یونیورسٹیوں سے اچھے کھلاڑی سامنے لائے جاسکتےہیں۔ ذیلی کمیٹی کا اجلاس مہرین رزاق بھٹو کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔کمیٹی کی …

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ کی(ذیلی کمیٹی) میں پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی مسلسل تنزلی اور حالیہ صورتحال پر غور کیا گیا۔کمیٹی نے زور دیا کہ ہاکی کو بطور قومی کھیل نصاب میں شامل کیا جائے ، سکول،کالجوں اور یونیورسٹیوں سے اچھے کھلاڑی سامنے لائے جاسکتےہیں۔

ذیلی کمیٹی کا اجلاس مہرین رزاق بھٹو کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔کمیٹی کی کنوینر مہرین رزاق بھٹو نے جذباتی اور دو ٹوک لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ محض ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک قومی المیہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی کھیلوں کو اپنے ہاتھوں سے تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ کمیٹی اب یہ فیصلہ کرے گی کہ اس مجرمانہ نااہلی کے اصل قصوروار کون ہیں، کسی کو رعایت نہیں ملے گی ۔

کمیٹی رکن خواجہ اظہار الحسن نے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے پی ایس بی اور ہاکی فیڈریشن دونوں کو ناکام قرار دے دیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ ہاکی کو بچانے کے لیے اب براہِ راست وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کی جائے اور انکوائری رپورٹ کے ذریعے حقائق سامنے لائے جائیں۔اجلاس میں پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے نا مکمل منصوبوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

پی ایس بی کی جانب سے بتایا گیا کہ 2014 میں شروع ہونے والا منصوبہ 12 سال گزرنے کے باوجود "ادھورا” ہے۔گلگت کے جس منصوبے کو چند سال میں مکمل ہونا تھا، اسے 15 سال لگ گئے اور لاگت 35 ملین سے بڑھ کر 123 ملین تک پہنچ گئی۔نارووال سپورٹس سٹی کا منصوبہ 2012 میں 732 ملین کا تھا، اب 6 ارب کی لاگت کھا چکا ہے لیکن کھلاڑیوں کے لیے اب بھی مکمل نہیں۔

مہرین رزاق بھٹو نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے حلقے (نارووال) میں موجود سپورٹس سٹی کے ادھورے کام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس بی کے پاس فنڈز کی کوئی کمی نہیں، پھر بھی منصوبے قبرستان کیوں مکمل نہیں ہورہے۔

سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ مئی الدین وانی نے کہا کہ فنڈز کے بروقت اجراء نہ ہونے کی وجہ سے یہ منصوبہ بروقت مکمل نہیں ہوئے۔ کمیٹی نے واضح کر دیا ہے کہ اب صرف بریفنگز سے کام نہیں چلے گا بلکہ کھیلوں کی بحالی کے لیے سخت ایکشن لیا جائے گا۔