اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے رمضان بازاروں میں اشیاء کے معیار اور قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے اجتناب کریں، ورنہ انہیں ایف آئی آر اور گرفتاری کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ جمعہ کو ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کے ہمراہ جی سکس …
وفاقی دارالحکومت کے رمضان بازاروں میں اشیاء کے معیار اور قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے رمضان بازاروں میں اشیاء کے معیار اور قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے اجتناب کریں، ورنہ انہیں ایف آئی آر اور گرفتاری کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
جمعہ کو ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کے ہمراہ جی سکس رمضان بازار کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو سستے داموں اشیائے خورد و نوش کی فراہمی ان بازاروں کے قیام کا مقصد ہوتا ہے، اسلام آباد میں اب تک سات رمضان بازار لگائے جا چکے ہیں، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد سمیت تمام ضلعی انتظامیہ ان بازاروں کی مانیٹرنگ کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آبپارہ، پارک روڈ ، بہارہ کہو، ترامڑی ،جی ٹین سمیت دیگر علاقوں میں بازار لگائے گئے ہیں جن پر آٹا چینی دالیں، گھی ،پھل، سبزیاں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اولین مقصد کم قیمتوں میں معیاری اشیاء کی فراہمی ہے ،ہم سٹال ہولڈر سے کوئی کرایہ وصول نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ان بازاروں کی خود رپورٹ لیتے ہیں ،اسلام آباد میں ذخیرہ اندوزی کرنے والے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ اس سے اجتناب کریں ورنہ ان پر پرچہ بھی دیا جا سکتا ہے اور ان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے،وہ اپنے لوگوں کی رمضان المبارک کے مقدس ایام میں بہتر سے بہتر خدمت کریں ،ہم نے عوام کو اس بازار کے دورے کے موقع پر مطمئن دیکھا ہے ،لوگ قیمتوں اور معیار کے حوالے سے مطمئن ہیں۔








