پشاور۔ 20 فروری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ممبر اشفاق احمدنے گورنر ہاؤس پشاور ملاقات کی۔ ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق اس موقع پر جی ایم سی پیک سید نواز خان ، جی ایم چترال ظاہر خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں جاری اور مجوزہ شاہراہوں کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔گورنر کو بتایا گیا کہ …
گورنر خیبرپختونخوا سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ممبر اشفاق احمد کی ملاقات

مزید خبریں
پشاور۔ 20 فروری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ممبر اشفاق احمدنے گورنر ہاؤس پشاور ملاقات کی۔ ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق اس موقع پر جی ایم سی پیک سید نواز خان ، جی ایم چترال ظاہر خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں جاری اور مجوزہ شاہراہوں کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔گورنر کو بتایا گیا کہ سی پیک کے تحت یارک سگو روڈ (50 کلومیٹر) پر جلد کام شروع کیا جائے گا جبکہ سگو ژوب منصوبہ منظوری کے لیے بھجوا دیا گیا ہے اور اس پر پیش رفت جاری ہے۔ انڈس ہائی وے کے 127 کلومیٹر حصے سرائے گمبیلا تا کوہاٹ کو دورویہ کرنے کا منصوبہ اہمیت کا حامل ہے، جس میں حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے جا رہے ہیں۔
کوہاٹ جنڈ پنڈی موٹر وے مکمل ہو چکی ہے اور جلد اس کا افتتاح متوقع ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اولڈ بنوں روڈ کی دورویہ اور اپ گریڈیشن، جبکہ لاچی تا گنڈی چوک منصوبہ مکمل ہو چکا ہے۔ پشاور نادرن بائی پاس پر کام تیزی سے جاری ہے اور اسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ چترال بونی مستوج شندور روڈ، چترال عیون بمبوریت روڈ، گلگت شندور روڈ اور گرم چشمہ چترال روڈ پر بھی پیش رفت جاری ہے۔پیزو ٹانک روڈ اور یارک ٹانک روڈ پر جلد کام شروع کرنے کی تجویز دی گئی تاکہ بڑی آبادی مستفید ہو سکے۔ ڈیرہ اسماعیل خان تا ڈیرہ غازی خان روڈ کو دورویہ کرنے اور وہاں دو بائی پاس تعمیر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
کلور کوٹ کوٹ جائی لنک روڈ کا پل مکمل ہو چکا ہے جبکہ سڑکوں کی تعمیر صوبائی حکومت نے کرنا ہے، جس پر گورنر نے پنجاب حکومت سے رابطہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پہاڑ پور پر انٹرچینج قائم کرنے کی تجویز ہے۔ خیبر پاس اکنامک کوریڈور کو انتہائی اہم منصوبہ قرار دیا گیا، جبکہ پشاور نوشہرہ جی ٹی روڈ کو تین رویہ کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ چکدرہ چترال روڈ کے پہلے مرحلے پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔








