آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سپر 8 رائونڈ،پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں (آج) مد مقابل ہوں گی

کینڈی۔24فروری (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 8رائونڈ میں گروپ ٹو کا اہم میچ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آج 24 فروری بروز منگل کو پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔ انگلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا میچ جیت چکی ہے جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان …

کینڈی۔24فروری (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 8رائونڈ میں گروپ ٹو کا اہم میچ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آج 24 فروری بروز منگل کو پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔ انگلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا میچ جیت چکی ہے جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ مل گیا تھا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر کھیلے گئے بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچز میں انگلینڈ کو واضح برتری حاصل ہے ۔ پالے کیلی کی وکٹ عموماً سپن گیند بازوں کے لیے مددگار ثابت ہوتی ہے اور اسی عنصر نے یہاں ہونے والے حالیہ میچوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انگلینڈ کو اس میدان پر نسبتاً برتری حاصل ہے کیونکہ وہ یہاں سری لنکا کے خلاف سیریز اور سپر 8 کا پہلا میچ کھیل چکا ہے جبکہ پاکستان اس مقام پر رواں ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیلے گا۔ منگل کے اس میچ میں ممکن ہے فیصلہ اسی بات پر ہو کہ کون سی ٹیم سپن کو بہتر انداز میں کھیلتی ہے۔پاکستان کی امیدوں کا مرکز صاحبزادہ فرحان ہیں جو 2025 کے آغاز سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں شاندار فارم میں ہیں۔ اس عرصے میں وہ 62 اننگز میں 2295رنز بنا چکے ہیں،جن میں 5سنچریاں بھی سکور کر چکے ہیں۔

انگلینڈ کی قیادت ہیری بروک کے پاس ہے اور ان کی کپتانی میں ٹیم نے 50 فیصد سے زائد اوورز سپن سے کرائے ہیں، جو انگلینڈ کی قیادت کرنے والے کپتانوں میں منفرد رجحان ہے۔ پاکستانی سکواڈ میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان آغا بطور کپتان، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان خان بطور وکٹ کیپر، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا، عثمان طارق، شاہین آفریدی، ابرار احمد، نسیم شاہ اور خواجہ نافع شامل ہیں۔

امکان ہے کہ شاہین آفریدی بدستور باہر رہیں اور سلمان مرزا کو برقرار رکھا جائے۔ فخر زمان کو بھی دوبارہ موقع دئیے جانے کا امکان ہے۔ پالے کیلی کی وکٹ گزشتہ میچ میں بارش کے باعث کچھ سست دکھائی دی تھی لیکن اب موسم صاف ہے اور وکٹ کو بہتر ہونے کا وقت ملا ہے، جس سے بیٹنگ نسبتاً آسان ہو سکتی ہے۔ تاہم سپن کا کردار اب بھی نمایاں رہنے کی توقع ہے۔ موسم کی پیشگوئی کے مطابق بارش کا کوئی امکان نہیں۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مقابلے کو سنسنی خیز قرار دیا ہے۔

انگلینڈ کے لیام ڈاسن کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک متوازن ٹیم ہے اور وہ صرف ایک کھلاڑی پر توجہ مرکوز نہیں کریں گے۔ دوسری جانب صاحبزادہ فرحان نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار گیند بازوں کا سامنا ان کے لیے کوئی نئی بات نہیں اور وہ بھی اپنی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔یوں یہ مقابلہ نہ صرف گروپ کی پوزیشن بلکہ سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کے لیے بھی فیصلہ کن اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

مزید خبریں