ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی قیادت جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین کریں گے، امریکی صدر

واشنگٹن ۔24فروری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی قیادت جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین کریں گے، تاہم اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدے کو ترجیح د یں گے۔ چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب امریکی اخبار دی واشنگٹن …

واشنگٹن ۔24فروری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی قیادت جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین کریں گے، تاہم اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدے کو ترجیح د یں گے۔

چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کیا کہ جنرل ڈین کین نے گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں ممکنہ حملے کے خطرات سے آگاہ کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اہم اسلحے کی کمی اور اتحادیوں کی محدود حمایت امریکی افواج کے لیے اضافی خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔

جنرل کین کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ بطور اعلیٰ فوجی مشیر سویلین قیادت کو مختلف فوجی آپشنز، ان کے ممکنہ اثرات اور خطرات سے آگاہ کرتے ہیں تاکہ قومی سلامتی سے متعلق فیصلے کیے جا سکیں۔

دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جمعرات کو جینوا میں شیڈول ہے جہاں ایران کے جوہری پروگرام، یورینیم افزودگی کی سطح اور پابندیوں میں نرمی جیسے امور زیر بحث آئیں گے، تاہم اس سے قبل ہونے والے دو ادوار میں کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔