آسٹریلین اوپن کے سابق سربراہ کریگ ٹائلی امریکی ٹینس ایسوسی ایشن کے نئے چیف ایگزیکٹو مقرر

نیویارک/میلبورن۔25فروری (اے پی پی):آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقد ہونے والے سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے سابق ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اور ٹینس آسٹریلیا کے سربراہ کریگ ٹائلی کو امریکاٹینس ایسوسی ایشن کا نیا چیف ایگزیکٹو مقرر کر دیا گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق 64 سالہ جنوبی افریقی نژاد کریگ ٹائلی 13 برس تک ٹینس آسٹریلیا سے وابستہ رہے۔ وہ لیو شیر کی جگہ ذمہ داریاں نبھائیں …

نیویارک/میلبورن۔25فروری (اے پی پی):آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقد ہونے والے سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے سابق ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اور ٹینس آسٹریلیا کے سربراہ کریگ ٹائلی کو امریکاٹینس ایسوسی ایشن کا نیا چیف ایگزیکٹو مقرر کر دیا گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق 64 سالہ جنوبی افریقی نژاد کریگ ٹائلی 13 برس تک ٹینس آسٹریلیا سے وابستہ رہے۔ وہ لیو شیر کی جگہ ذمہ داریاں نبھائیں گے، جو اب میجر لیگ بیس بال کی ٹیم نیویارک میٹس سے منسلک ہو چکے ہیں۔کریگ ٹائلی رواں برس کے آخر میں باقاعدہ طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس سے قبل وہ ٹینس آسٹریلیا میں قیادت کی منتقلی کے عمل کو مکمل کریں گے۔

اپنے بیان میں کریگ ٹائلی نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے امریکی تنظیم کی قیادت اور ٹینس کے فروغ میں اس کے کردار کو سراہتے رہے ہیں، خاص طور پر گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹورنامنٹ کی کامیابی کو۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکی ٹینس میں واپسی پر پُرجوش ہیں اور ملک بھر میں کھیل کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔کریگ ٹائلی نے آسٹریلین اوپن میں اپنے دور کے دوران کئی اصلاحات متعارف کرائیں۔ ان کی نگرانی میں ٹورنامنٹ کو 15 روزہ ایونٹ میں توسیع دی گئی اور رواں سال پہلی بار ملین ڈالر ون پوائنٹ سلام کا انعقاد بھی ہوا۔ ان کے دور میں حاضری اور آمدنی کے ریکارڈ بھی قائم ہوئے اور رواں سال ایونٹ میں 13 لاکھ سے زائد شائقین شریک ہوئے۔

کریگ ٹائلی 1994 سے 2005 تک امریکہ کی یونیورسٹی آف الینوائے کی مردوں کی ٹینس ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہے۔ ان کی قیادت میں ٹیم نے 2003 میں این سی اے اے ڈویژن ون نیشنل چیمپئن شپ ناقابلِ شکست ریکارڈ کے ساتھ جیتی۔امریکی ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین برائن وہالی نے کہا کہ تنظیم کا اولین مقصد ایسے رہنما کا انتخاب تھا جو کھیل میں شرکت بڑھانے کے ہدف کو تیز کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ کریگ ٹائلی عالمی سطح کے تجربے اور نچلی سطح پر کھیل کے فروغ کے عزم کا منفرد امتزاج رکھتے ہیں، جو اس وقت کی اہم ضرورت ہے۔