کینیڈی ۔24فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک انتہائی اہم اور سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ نے کپتان ہنری بروک کی ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹورنامنٹ کی …
ٹی 20 ورلڈ کپ: ہنری بروک کی شاندار سنچری، انگلینڈ پاکستان کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
کینیڈی ۔24فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک انتہائی اہم اور سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ نے کپتان ہنری بروک کی ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹورنامنٹ کی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا جس نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ گروپ 2 میں انگلینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کی اننگز کا آغاز تباہ کن تھا جب شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی 5 اوورز میں ہی فل سالٹ (0)، جوس بٹلر (2) اور جیکب بیتھل (8) کو پویلین کی راہ دکھا کر انگلینڈ کا اسکور 35 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ کر دیا۔ تاہم کپتان ہنری بروک نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور تنِ تنہا اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے 51 گیندوں پر 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے 30 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز اور عثمان طارق نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آخری اوور میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 3 رنز درکار تھے، جوفر آرچر نے سلمان مرزا کو پہلی ہی گیند پر چوکا لگا کر فتح اپنی ٹیم کے نام کر دی۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔
اوپنر صاحبزادہ فرحان 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صائم ایوب (7) اور کپتان سلمان علی آغا (5) کی جلد رخصتی کے بعد بابر اعظم (25) اور فرحان نے 46 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ فخر زمان نے بھی 25 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاؤسن نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جوفر آرچر اور جیمی اوورٹن نے دو دو شکار کیے۔ پاکستان کے لیے اب سیمی فائنل تک رسائی کی راہ کٹھن ہو گئی ہے اور انہیں اپنے بقیہ میچز میں ہر حال میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔









