انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہینز کوتیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 2 وکٹوں سے ہرا دیا

لاہور۔25فروری (اے پی پی):انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہینز کوتیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-3 سے جیت لی ۔ دونوں ٹیمیں اب اسی مقام پر 27 فروری سے شروع ہونے والی 5 میچوں ون ڈے میچوں کی سیریز میں مدِ مقابل ہوں گی۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق شیخ زید سٹیڈیم،ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز …

لاہور۔25فروری (اے پی پی):انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہینز کوتیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-3 سے جیت لی ۔ دونوں ٹیمیں اب اسی مقام پر 27 فروری سے شروع ہونے والی 5 میچوں ون ڈے میچوں کی سیریز میں مدِ مقابل ہوں گی۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق شیخ زید سٹیڈیم،ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر معاذ صداقت نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے36 گیندوں پر53 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے اور اننگز کو سنبھالا دیا۔ کپتان شامل حسین کے جلد آئوٹ ہونے کے بعد یہ اننگز خاصی اہم ثابت ہوئی۔ اختتامی اوورز میں سعد مسعود اور شاہد عزیز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست59 رنز کی شراکت قائم کی۔ سعد مسعود22 گیندوں پر29 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ شاہد عزیز نے صرف18 گیندوں پر30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

پاکستان شاہینز نے مقررہ20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر162 رنز بنائے۔ انگلینڈ لائنز کی جانب سے سکاٹ کیری نے 3جبکہ جیمز کولز نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔163رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کے بولرز نے عمدہ آغاز کیا اور محمد سلمان نے دوسرے اوور میں ول سمیڈ کو پویلین کی راہ دکھائی۔ معاذ صداقت نے آل رائونڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 اوورز میں29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیگ سپنر سعد مسعود نے بھی 2 وکٹیں لے کر حریف بیٹنگ لائن کو دبائو میں رکھا۔

انگلینڈ لائنز کے کپتان جارڈن کاکس نے37 گیندوں پر75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، جس میں 5چوکے اور 6چھکے شامل تھے۔ اگرچہ آخری اوورز میں سفیان مقیم اور شاہد عزیز نے اہم وکٹیں حاصل کر کے مقابلہ سنسنی خیز بنا دیا اور ایک رن آئوٹ نے میچ کو آخری لمحات تک زندہ رکھا، تاہم انگلینڈ لائنز نے19.3 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جارڈن کاکس کو دیا گیا۔