بیجنگ۔26فروری (اے پی پی):عالمی فٹبال تنظیم (فیفا )کے صدر جیانی انفینٹینونے چینی فٹبال میں جاری اصلاحاتی عمل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیفا چین میں کھیل کی طویل مدتی ترقی کے لیے اپنے تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔شنہوا کے مطابق جیانی انفینٹینو نے کہا کہ ان کے 10 سالہ دورِ صدارت کے دوران چینی فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ تعاون نمایاں پہلو رہا ہے۔ انہوں …
فیفا صدر جیانی انفینٹینو کی چینی فٹ بال اصلاحات کی حمایت، تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
بیجنگ۔26فروری (اے پی پی):عالمی فٹبال تنظیم (فیفا )کے صدر جیانی انفینٹینونے چینی فٹبال میں جاری اصلاحاتی عمل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیفا چین میں کھیل کی طویل مدتی ترقی کے لیے اپنے تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔شنہوا کے مطابق جیانی انفینٹینو نے کہا کہ ان کے 10 سالہ دورِ صدارت کے دوران چینی فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ تعاون نمایاں پہلو رہا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر نچلی سطح سے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت پر توجہ کو خوش آئند قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ وہ چینی فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سونگ کائی کی قیادت میں جاری اقدامات حوصلہ افزا محسوس کر رہے ہیں اور نوجوانوں کی بنیاد پر ترقی کا ماڈل ایک طویل مدتی حکمتِ عملی ہے جس کی فیفا مکمل حمایت کرتی ہے۔
واضح رہے کہ جیانی انفینٹینو26 فروری 2016 کو فیفا کے صدر منتخب ہوئے تھے اور رواں برس وہ اپنے عہدے کا دسواں سال مکمل کر رہے ہیں۔ اپنے دور میں وہ 3 مرتبہ چین کا دورہ کر چکے ہیں۔ فیفا کے ترقیاتی پروگرام کے تحت چینی فٹبال ایسوسی ایشن کو ایک کروڑ امریکی ڈالر سے زائد فنڈز فراہم کیے گئے، جن سے نوجوانوں کے مقابلوں، بنیادی ڈھانچے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو تقویت ملی۔انہوں نے کہا کہ چین میں فٹبال کا شوق ہر سطح پر موجود ہے اور گزشتہ برس ووہان میں منعقدہ افتتاحی خواتین چیمپئنز کپ کے پہلے میچ میں ریکارڈ حاضری اس بات کا ثبوت ہے کہ اس کھیل کی مقبولیت برقرار ہے۔
فیفا صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عالمی تنظیم چین میں فٹبال کے فروغ کے لیے اپنی وابستگی برقرار رکھے گی اور مقامی مقابلوں بشمول چینی فٹبال ایسوسی ایشن کپ کی معاونت جاری رکھی جائے گی۔میدان کے باہر تعاون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک میں اضافہ ہوا ہے، جو عالمی فٹبال صنعت میں چین کے بڑھتے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہائیزینس نئے انداز میں منعقد ہونے والے کلب عالمی کپ کی سرکاری شراکت دار بن چکی ہے، جبکہ لینووو 2026 کے عالمی کپ سے قبل فیفا کے ساتھ اشتراک کے تحت مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی متعارف کرائے گی، جس سے ریفری نظام، میچ تجزیے اور شائقین کی شمولیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔








