لاہور/جوہانسبرگ۔26فروری (اے پی پی):جنوبی افریقا کی خواتین ٹیم نے پاکستان ویمنز کو دوسرے بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ میچ میں 16 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔سینچورین میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے362 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 345 رنز بنا کر اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ون ڈے مجموعہ سکور …
جنوبی افریقاویمنز ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں 16رنز سے ہرا دیا

مزید خبریں
لاہور/جوہانسبرگ۔26فروری (اے پی پی):جنوبی افریقا کی خواتین ٹیم نے پاکستان ویمنز کو دوسرے بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ میچ میں 16 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔سینچورین میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے362 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 345 رنز بنا کر اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ون ڈے مجموعہ سکور قائم کیا، تاہم وہ16 رنز سے کامیابی حاصل نہ کر سکیں ۔362 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدا میں دھچکا لگا جب 24 کے مجموعی سکور پر منیبہ علی اور سدرہ امین جلد پویلین لوٹ گئیں ۔
اس کے بعد صدف شمس اور عائشہ ظفر نے تیسری وکٹ کے لیے97 رنز کی شراکت قائم کی۔ عائشہ ظفر نے68 گیندوں پر75 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے شامل تھے، جبکہ صدف شمس نے62 گیندوں پر61 رنز سکور کیے اور اپنی دوسری ون ڈے نصف سنچری مکمل کی۔ بعد ازاں عائشہ نے نتالیہ پرویزکے ساتھ 76 رنز جوڑ کر ٹیم کو197 رنز تک پہنچایا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے نونڈومیسو شانگاسے اور پلیئر آف دی میچ انری ڈرکسن نے میچ کا پانسہ پلٹا۔ شانگاسے نے ایک ہی اوور میں عائشہ ظفر اور عالیہ ریاض کی وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈرکسن نے نتالیہ کو آئوٹ کر کے پاکستان کو199 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم کردیا۔
کپتان فاطمہ ثنا نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے36 گیندوں پر52 رنز بنائے جس میں 6 چوکے اور 1چھکا شامل تھا۔ انہوں نے سیدہ اروب شاہ کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے81 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ اروب شاہ نے40 رنز سکور کیے جبکہ ڈیانا بیگ نے ناقابلِ شکست38 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کو سنسنی خیز مرحلے تک پہنچایا۔
آخری اوور میں پاکستان کو23 رنز درکار تھے تاہم پوری ٹیم49.5 اوورز میں345 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے انری ڈرکسن نے59 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شانگاسے، نادین ڈی کلرک اور نونکولولیکو ملابا نے 2، 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اس سے قبل جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے50 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر361 رنز بنائے جو ان کی ون ڈے تاریخ کا دوسرا بڑا سکور ہے۔
انری ڈرکسن نے68 گیندوں پر90 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ تزمین برٹس نے 77، سونے لوس نے 57، نادین ڈی کلرک نے 49 جبکہ چلوئی ٹرایون نے37 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے سیدہ اروب شاہ، سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ یکم مارچ کو ڈربن کے کنگزمیڈ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔








