لاہور۔26فروری (اے پی پی):نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کوالیفائر میں بہاولپور ریجن کی تاریخی کامیابی میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد اکرم اور لیفٹ آرم فاسٹ بالر محمد عزب نے کلیدی کردار ادا کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کے ذریعے اپنی ٹیم کو نہ صرف مشکل صورتحال سے نکالا بلکہ ٹورنامنٹ جتوانے میں بھی اہم حصہ ڈالا۔ٹورنامنٹ کے آغاز میں پہلا میچ ہارنے کے بعد بہاولپور کو اگلے مرحلے تک رسائی …
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ،بہاولپور ریجن کی کامیابی میں محمد اکرم و محمد عزب کا اہم کردار

مزید خبریں
لاہور۔26فروری (اے پی پی):نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کوالیفائر میں بہاولپور ریجن کی تاریخی کامیابی میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد اکرم اور لیفٹ آرم فاسٹ بالر محمد عزب نے کلیدی کردار ادا کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کے ذریعے اپنی ٹیم کو نہ صرف مشکل صورتحال سے نکالا بلکہ ٹورنامنٹ جتوانے میں بھی اہم حصہ ڈالا۔ٹورنامنٹ کے آغاز میں پہلا میچ ہارنے کے بعد بہاولپور کو اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے حیدرآباد کے خلاف بڑے مارجن سے کامیابی درکار تھی۔ اس اہم مقابلے میں محمد اکرم نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے صرف 13 گیندوں پر چھ چوکے اور چار چھکے جڑ کر ٹیم کو 112 رنز کا ہدف محض 9.3 اوورز میں حاصل کرنے میں مدد دی۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد اکرم کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے کوچز کی جانب سے بھرپور اعتماد ملا، جس کی بدولت وہ کھل کر جارحانہ بیٹنگ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں قدرتی طور پر اٹیکنگ کھیل پسند ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کی ٹیم میں دو انٹرنیشنل بالرز بھی شامل تھے، اس لیے یہ کارکردگی ان کے لیے مزید خاص بن گئی۔ ریکارڈ قائم کرنے کے بعد انہیں بے شمار تعریفی پیغامات موصول ہوئے جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔دوسری جانب لیفٹ آرم پیسر محمد عزب نے بھی اپنی بالنگ سے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پانچ میچوں میں 11 کی اوسط سے نو وکٹیں حاصل کیں اور نئی گیند کے ساتھ موثر بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ محمد عزب کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ غلام علی نے ٹورنامنٹ سے قبل بہاولپور میں بہترین تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جس سے کھلاڑیوں کو بھرپور تیاری کا موقع ملا۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نئی گیند کے ساتھ وکٹیں حاصل کرنے کا قیمتی تجربہ حاصل ہوا ہے جو مستقبل میں بھی ان کے کام آئے گا۔بہاولپور ریجن اب کراچی بلوز کے ہمراہ مارچ میں ہونے والے 10 ریجنل ٹیموں پر مشتمل نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کرے گا، جہاں ٹیم اپنی اسی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے مزید کامیابیاں سمیٹنے کے لیے پرعزم ہے۔








