لاہور۔27فروری (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین و کوآرڈینیٹر نیشنل پیغام امن کمیٹی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ افغانستان کا باجوڑ میں مسجد اور نمازیوں پر حملہ اسلام اور انسانیت دونوں کے خلاف سنگین جرم ہے،یہ دہشت گردی ہے جہاد نہیں بلکہ کھلا فساد ہے،افغانستان نہ شریعت کا احترام کرتا ہے اور نہ ہی برادر اسلامی ممالک کی بات مانتا ہے،ایسے عناصر مجاہد نہیں بلکہ قاتل …
افغانستان کا باجوڑ میں مسجد اور نمازیوں پر حملہ اسلام اور انسانیت دونوں کے خلاف سنگین جرم ہے،حافظ طاہر محمود اشرفی

مزید خبریں
لاہور۔27فروری (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین و کوآرڈینیٹر نیشنل پیغام امن کمیٹی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ افغانستان کا باجوڑ میں مسجد اور نمازیوں پر حملہ اسلام اور انسانیت دونوں کے خلاف سنگین جرم ہے،یہ دہشت گردی ہے جہاد نہیں بلکہ کھلا فساد ہے،افغانستان نہ شریعت کا احترام کرتا ہے اور نہ ہی برادر اسلامی ممالک کی بات مانتا ہے،ایسے عناصر مجاہد نہیں بلکہ قاتل ہیں،پاکستان کی سلامتی کے معاملے پر پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے خطبہ میں دہشت گردی کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں مسجد اور نمازیوں پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے،جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو جہاد قرار دینا اسلام کی تعلیمات کے منافی ہے اور یہ سراسر فساد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر قائم ہے اور اس کی سلامتی ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کی صلاحیتوں کا دنیا اعتراف کرتی ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شہدا قوم کا فخر ہیں اور وطن کے دفاع کیلئے پاکستانی عوام قربانی کے جذبے سے سرشار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن کے عزیز فوج میں ہیں وہ تنخواہ کیلئے نہیں بلکہ شہادت کے جذبے کے ساتھ خدمات انجام دیتے ہیں،شہید کی ماں اس کی وردی چومتی ہے اور والدین فخر محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت قومی سلامتی کے معاملات پر متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ملوث ہے اور دشمن ممالک کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان ماضی قریب میں اس سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے چکا ہے،اگر کسی نے پاکستان کو بری نظر سے دیکھا تو اس کا جواب کابل اور دہلی دونوں کو دیا جائے گا اور اگر کسی تیسرے کو بھی آزمائش کا شوق ہے تو پاکستان تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ کارروائیوں میں پاک فوج نے افغانستان کی چوکیوں پر قبضہ کیا اور افغان پرچم کو احترام کے ساتھ اتارا۔انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں یومِ عزمِ استحکام پاکستان منایا جا رہا ہے اور پوری قوم ملکی سلامتی کیلئے متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وطن کلمہ شہادت کی بنیاد پر قائم ہے اور جتنی بھی قوتیں اکٹھی ہو جائیں،ہر پاکستانی افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور شہادت کو اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہے۔اس موقع پر ملک اور پاک فوج کی حفاظت کیلئے بھی خصوصی دعا مانگی گئی۔








