اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):نیشنل جوڈیشل پالیسی سازی کمیٹی (این جے پی ایم سی) نے ملک بھر کی تمام عدالتوں میں بائیومیٹرک تصدیقی خدمات کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ عدالتی اصلاحات کے تسلسل میں کیا گیا تاکہ عدالتی کارروائیوں کو زیادہ محفوظ، شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق این جے پی ایم سی کے مطابق نئے …
نیشنل جوڈیشل پالیسی سازی کمیٹی نے ملک بھر کی تمام عدالتوں میں بائیومیٹرک تصدیقی خدمات کی توسیع کی منظوری دیدی

مزید خبریں
اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):نیشنل جوڈیشل پالیسی سازی کمیٹی (این جے پی ایم سی) نے ملک بھر کی تمام عدالتوں میں بائیومیٹرک تصدیقی خدمات کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ عدالتی اصلاحات کے تسلسل میں کیا گیا تاکہ عدالتی کارروائیوں کو زیادہ محفوظ، شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق این جے پی ایم سی کے مطابق نئے فریم ورک کے تحت سائلین اب تمام عدالتی کمپلیکسز اور ضلعی عدالتوں میں بائیومیٹرک تصدیق مکمل کر سکتے ہیں۔ مزید برآں ملک بھر کے کسی بھی نادرا ای سہولت مرکز سے بھی یہ خدمات حاصل کی جا سکیں گی جس سے جغرافیائی رکاوٹیں ختم ہوں گی اور عوام کے لئے سہولت میں اضافہ ہوگا۔
خصوصی توجہ کے مستحق افراد، بشمول بزرگ شہری اور وہ افراد جن کے فنگر پرنٹس واضح نہ ہوں، کیلئے چہرہ شناسی (فیشل ریکگنیشن) ماڈیول متعارف کرانے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔اقدام کی نمایاں خصوصیات میں تمام عدالتی کمپلیکسز میں بائیومیٹرک تصدیقی خدمات کی دستیابی ،پاکستان بھر کے کسی بھی نادرا ای سہولت مرکز پر تصدیق کی سہولت، بزرگ شہریوں اور ناقابلِ خواندگی فنگر پرنٹس رکھنے والے افراد کے لئے چہرہ شناسی سہولت، جعلسازی اور غلط شناخت کے خلاف مضبوط حفاظتی اقدامات،مقدمات کی تیز تر اور قابلِ اعتماد کارروائی شامل ہیں۔ این جے پی ایم سی کا کہنا ہے کہ یہ اصلاحاتی اقدام عدلیہ کے عزم کو مزید مستحکم کرتا ہے کہ انصاف کی فراہمی کو عوام کے لئے قابلِ رسائی، شفاف اور مؤثر بنایا جائے۔








