لاہور۔27فروری (اے پی پی):ابوظہبی میں کھیلے گئے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہینز کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ میچ شیخ زاید اسٹیڈیم نرسری ون میں جمعہ کی سہ پہر کھیلا گیا۔ سیریز کا دوسرا میچ یکم مارچ کو اسی مقام پر ہوگا۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی پاکستان شاہینز کی ٹیم 38.3 اوورز میں 152 رنز بنا …
پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ، انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہینز کو نو وکٹوں سے ہرادیا

مزید خبریں
لاہور۔27فروری (اے پی پی):ابوظہبی میں کھیلے گئے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہینز کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ میچ شیخ زاید اسٹیڈیم نرسری ون میں جمعہ کی سہ پہر کھیلا گیا۔ سیریز کا دوسرا میچ یکم مارچ کو اسی مقام پر ہوگا۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی پاکستان شاہینز کی ٹیم 38.3 اوورز میں 152 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ اوپنرز شمیل حسین اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا تاہم معاذ بغیر کوئی رن بنائے تیسرے اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ شمیل حسین نے 18 اور سمیر منہاس نے 11 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور ٹیم 36 رنز پر تین کھلاڑی کھو بیٹھی۔چوتھی وکٹ کے لیے سعد خان اور عبدالصمد نے 41 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ عبدالصمد 57 گیندوں پر 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کی اننگز میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ سعد خان نے 21 رنز اسکور کیے۔
وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے 18 رنز بنائے لیکن 120 رنز کے بعد شاہینز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور 120 پر چار وکٹوں سے اسکور 123 پر آٹھ وکٹوں تک جا پہنچا۔ آخری چھ وکٹیں محض 32 رنز کے اضافے سے گر گئیں۔انگلینڈ لائنز کی جانب سے کیلون ہیریسن نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ جیمز کولز اور سونی بیکر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ لائنز نے جارحانہ آغاز کیا اور بغیر کسی نقصان کے 10 اوورز میں 65 رنز بنا لیے۔ پاکستان شاہینز کو واحد کامیابی صوفیان مقیم نے دلائی جنہوں نے بین میک کنی کو 42 رنز پر آئوٹ کیا۔اسا ٹرائب نے ناقابل شکست 52 رنز اور جیمز ریو نے 48 رنز بنا کر دوسری وکٹ کے لیے 77 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو 24.2 اوورز میں فتح دلادی۔مختصر اسکور کے مطابق پاکستان شاہینز 152 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ انگلینڈ لائنز نے ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 154 رنز بنا کر حاصل کرلیا۔ کیلون ہیریسن کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔








