کینڈی۔28فروری (اے پی پی):پاکستان آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے اپنے آخری سپر ایٹ میچ میں سری لنکا کے خلاف 5 رنز کی قریبی فتح کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ پالے کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہفتے کو کھیلے گئے اس میچ میں فتح کے باوجود پاکستان سیمی فائنل میں رسائی کے لئے مطلوبہ رن ریٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ 2009 کی …
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026،پاکستان فتح کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر، نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

مزید خبریں
کینڈی۔28فروری (اے پی پی):پاکستان آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے اپنے آخری سپر ایٹ میچ میں سری لنکا کے خلاف 5 رنز کی قریبی فتح کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ پالے کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہفتے کو کھیلے گئے اس میچ میں فتح کے باوجود پاکستان سیمی فائنل میں رسائی کے لئے مطلوبہ رن ریٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
2009 کی عالمی چیمپئن ٹیم کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے سری لنکا کو 147 یا اس سے کم رنز پر محدود کرنا تھا، تاہم پاون رتھنائیکے اور میزبان کپتان دشن شناکا کی نصف سنچریوں نے سری لنکا کو 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 207 رنز کے بڑے مجموعے تک پہنچا دیا۔ اس نتیجے کے بعد گروپ 2 سے انگلینڈ کے ساتھ نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔سری لنکا کی جانب سے کپتان دشن شناکا نے محض 31 گیندوں پر 76 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی نے آخری اوور میں 28 رنز کا دفاع کرتے ہوئے تین چھکے کھانے کے باوجود پاکستان کو 5 رنز سے کامیابی دلائی۔
شناکا نے رتھنائیکے (58) کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 61 رنز کی برق رفتار شراکت قائم کی۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل سری لنکا کے کپتان دشن شناکا کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب پاکستانی اوپنرز نے لنکن باؤلرز کی خوب پٹائی کی۔ پاکستان کی نئی اوپننگ جوڑی صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے 176 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت قائم کی۔
فخر زمان نے 42 گیندوں پر 84 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔صاحبزادہ فرحان نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے 60 گیندوں پر 100 رنز کی یادگار سنچری اسکور کی، جس میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
تاہم مڈل آرڈر کی ناکامی اور دلشان مدوشنکا کی آخری اوور میں عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستان 212 رنز بنا سکا۔ مدوشنکا نے 33 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے گروپ 2 میں اپنے تین میچوں میں تین پوائنٹس حاصل کیے لیکن اس کا نیٹ رن ریٹ (منفی 0.123) نیوزی لینڈ کے رن ریٹ (1.390) سے کافی کم رہا، جس کی وجہ سے قومی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔








