آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026، تاریخ کا سب سے بڑا ڈیجیٹل اور عالمی ایونٹ

کولمبو۔3مارچ (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیرِ اہتمام جاری آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 ڈیجیٹل رسائی اور عالمی شمولیت کے اعتبار سے تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ بنتا جا رہا ہے، جہاں ICC.tv اور آئی سی سی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔آئی سی سی کی سٹریمنگ سروس ICC.tv نے سپر 8 مرحلے کے آخری اور …

کولمبو۔3مارچ (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیرِ اہتمام جاری آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 ڈیجیٹل رسائی اور عالمی شمولیت کے اعتبار سے تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ بنتا جا رہا ہے، جہاں ICC.tv اور آئی سی سی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔آئی سی سی کی سٹریمنگ سروس ICC.tv نے سپر 8 مرحلے کے آخری اور ورلڈ کپ کے 52 ویں میچ کے دوران بیک وقت سب سے زیادہ ناظرین کا نیا ریکارڈ قائم کیا، جو اس سے قبل آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل کے دوران بنا تھا۔

موجودہ ٹورنامنٹ میں ICC.tv صارفین کی مجموعی تعداد اور دیکھے گئے منٹس کے اعتبار سے بھی 2024 کے پورے ایونٹ کو پیچھے چھوڑ چکا ہے۔ گزشتہ ٹورنامنٹ کے اسی مرحلے کے مقابلے میں منفرد صارفین کی تعداد میں 28 فیصد جبکہ مجموعی پلے ٹائم میں 56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آئی سی سی کے ویڈیو ویوز 10 ارب سے تجاوز کر چکے ہیں اور اندازہ ہے کہ یہ تعداد 2024 میں قائم 16 ارب ویوز کے ہدف کو بھی عبور کر لے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق نہ صرف ناظرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے بلکہ مداح پہلے سے زیادہ وقت تک میچز دیکھ رہے ہیں۔ فی منفرد صارف اوسط دیکھنے کا دورانیہ 58 منٹ تک پہنچ گیا ہے، جو 2024 کے سپر 8 مرحلے کے اختتام پر 47 منٹ تھا۔ مختلف زبانوں میں نشریات نے دنیا بھر کے شائقین کو ذاتی نوعیت کا تجربہ فراہم کیا ہے اور مجموعی پلے ٹائم کا تقریباً نصف حصہ انہی ملٹی لینگویج فیڈز پر مشتمل ہے۔ ٹورنامنٹ کی ٹاپ پانچ سٹریمنگز میں سے تین غیر انگریزی فیڈز پر مبنی رہی ہیں، جبکہ ICC.tv اردو، نیپالی، جاپانی اور بہاسا انڈونیشیا زبانوں میں نشریات فراہم کر رہا ہے۔

غیر روایتی کرکٹ مارکیٹس میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں صارفین کی تعداد میں 69 فیصد اضافہ ہوا۔ جرمنی میں 2024 کے مقابلے میں منفرد صارفین کی تعداد میں 150 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اٹلی میں یہ شرح 136 فیصد رہی۔ جاپان اور جنوبی کوریا میں بھی ویوز اور منفرد صارفین دونوں میں 100 فیصد سے زائد اضافہ سامنے آیا ہے۔

یہ ریکارڈ توڑ رجحانات آئی سی سی کے اس ہدف کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ اپنے ایونٹ کو تاریخ کا سب سے زیادہ عالمی اور قابلِ رسائی ٹورنامنٹ بنائے۔ بڑھتی ہوئی ناظرین کی تعداد، زیادہ اوسط دیکھنے کا وقت اور یورپ و ایشیا کی ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں تیزی سے اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آئی سی سی کا یہ ایونٹ عالمی سطح پر پہلے سے کہیں زیادہ مقبول اور مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔