لاہور۔5مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے پشاور میں منعقد ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔23 میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ7 سے 18 مارچ تک کھیلا جائے گا اور تمام میچز پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔شائقین کرکٹ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچز کے ٹکٹ پشاور میں ٹی سی ایس کے تین ایکسپریس سینٹرز سے خرید …
پی سی بی نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری کر دیں
لاہور۔5مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے پشاور میں منعقد ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔23 میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ7 سے 18 مارچ تک کھیلا جائے گا اور تمام میچز پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔شائقین کرکٹ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچز کے ٹکٹ پشاور میں ٹی سی ایس کے تین ایکسپریس سینٹرز سے خرید سکیں گے۔ ٹکٹیں ٹی سی ایس ایریا آفس، ٹی سی ایس چارسدہ روڈ ایکسپریس سینٹر اور ٹی سی ایس کالج چوک ایکسپریس سینٹر پر دستیاب ہوں گی۔شائقین ایک شناختی کارڈ پر ایک دن کے میچز کے لیے زیادہ سے زیادہ پانچ ٹکٹیں خرید سکتے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے دوران سٹیڈیم میں فیملیز کے لیے خصوصی وی آئی پی فیملی زون بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ خاندانوں کو میچ دیکھنے کے لیے بہتر اور آرام دہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ وی آئی پی فیملی زون کی گروپ مرحلے کے لیے ٹکٹوں کی قیمت200 اور250 روپے رکھی گئی ہے جبکہ سیمی فائنل اور فائنل کیلئے یہ قیمت بالترتیب400 اور500 روپے ہوگی۔گروپ مرحلے کے میچز کے لیے وی آئی پی ٹکٹ150 روپے، پریمیم ٹکٹ 100 روپے جبکہ وی وی آئی پی گیلری کی ٹکٹیں800 اور 600 روپے میں دستیاب ہوں گی۔سیمی فائنل مرحلے کے لیے وی آئی پی ٹکٹ300 روپے، پریمیم ٹکٹ 200 روپے جبکہ وی وی آئی پی گیلری کی ٹکٹ 1000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
18 مارچ کو ہونے والے فائنل کے لیے وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 400 روپے، پریمیم ٹکٹ 300 روپے جبکہ وی وی آئی پی گیلری کی ٹکٹ 1200 روپے مقرر کی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق شائقین کرکٹ کی سہولت اور بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ ٹورنامنٹ سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔









