بلوچستان اور سابق فاٹا کے طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کے مواقع، 8 ہزار سے زائد وظائف فراہم کر دیئے

اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر اسکالرشپس فراہم کی ہیں۔ ایچ ای سی کے مطابق اب تک اس پروگرام کے تحت 8,343 طلبہ کو وظائف دیے جا چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ’’بلوچستان اور فاٹا کے طلبہ کے لئے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی فراہمی‘‘ کے …

اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر اسکالرشپس فراہم کی ہیں۔ ایچ ای سی کے مطابق اب تک اس پروگرام کے تحت 8,343 طلبہ کو وظائف دیے جا چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ’’بلوچستان اور فاٹا کے طلبہ کے لئے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی فراہمی‘‘ کے پروگرام کے تحت بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ کو ملک کی مختلف جامعات میں تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 4,583 طلبہ اپنی تعلیم مکمل کر چکے ہیں اور وہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ باقی طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایچ ای سی کے مطابق تعلیمی سال 2025-26 کے لئے ایک ہزار انڈرگریجویٹ اسکالرشپس کے انتخاب کا عمل آخری مرحلے میں ہے جسے جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ مزید برآں تعلیمی سال 2026-27 کے لئے بھی ایک ہزار مزید انڈرگریجویٹ وظائف دیے جائیں گے۔ یہ منصوبہ ’’صدر کی ہدایات‘‘ کے تحت اکتوبر 2007 میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد بلوچستان اور فاٹا کے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو 2,000 وظائف فراہم کرنا تھا۔ ان میں 1,300 وظائف انڈرگریجویٹ اور 700 پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے لئے مختص کئے گئے تھے۔

بعد ازاں اس منصوبے کے دوسرے مرحلے کی منظوری اکتوبر 2015 میں دی گئی جس کے تحت 3,500 وظائف فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ اس مرحلے سے 3,341 طلبہ مستفید ہوئے جن میں سے 2,581 طلبہ اپنی تعلیم مکمل کر چکے ہیں جبکہ 760 طلبہ اس وقت زیر تعلیم ہیں اور توقع ہے کہ وہ جون 2027 تک گریجویٹ ہو جائیں گے۔جنوری 2023 میں منصوبے کے تیسرے مرحلے کی منظوری دی گئی جس کے تحت 5,000 انڈرگریجویٹ اسکالرشپس فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اب تک اس مرحلے کے تحت 3,000 وظائف دیے جا چکے ہیں جبکہ 2,531 طلبہ اس وقت اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چوتھے بیچ کے تحت مزید ایک ہزار وظائف دینے کا عمل جاری ہے اور تعلیمی سال 2026-27 کے لئے مزید ایک ہزار وظائف کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام بلوچستان اور سابق فاٹا کے باصلاحیت مگر پسماندہ طلبہ کو بااختیار بنانے اور ان علاقوں میں انسانی وسائل کی ترقی کے ساتھ ساتھ سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی جانب اہم قدم ہے۔

مزید خبریں