اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 6 سے 11 مارچ 2026 کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال سے متعلق جائزہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مجموعی طور پر موسم خشک رہنے جبکہ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔جاری کردہ جائزہ کے مطابق پنجاب کے بیشتر …
این ڈی ایم اے کا 6 سے 11 مارچ کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال سے متعلق جائزہ جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 6 سے 11 مارچ 2026 کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال سے متعلق جائزہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مجموعی طور پر موسم خشک رہنے جبکہ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔جاری کردہ جائزہ کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم 9 سے 11 مارچ کے دوران بعض مقامات پر آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔ خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں بھی 9 سے 11 مارچ کے دوران ابر آلود موسم اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے تاہم کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلات سمیت شمالی بلوچستان میں 7 سے 9 مارچ کے دوران ہلکی بارش اور ابر آلود موسم متوقع ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا میں 6 سے 11 مارچ کے دوران مجموعی طور پر موسم خشک اور گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور اور صوابی سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ادھر سندھ میں مجموعی طور پر خشک موسم جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 6 سے 11 مارچ کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش اور جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے جن میں استور، گلگت، سکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق متوقع موسمی صورتحال کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ خشک موسم اور درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے سے فصلوں پر بھی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔ ادارے نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فصلوں کی مؤثر آبپاشی کا بندوبست یقینی بنائیں۔ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ وہ تمام متعلقہ اداروں اور عوام کو موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہی فراہم کر رہا ہے۔








