ین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ چین کے جاری ’’ٹو سیشنز‘‘ پندرہویں پانچ سالہ منصوبے اور حکومتی ورک رپورٹ چین کی ترقیاتی حکمت عملی اور عوامی مشاورت پر مبنی نظام حکمرانی کی عکاسی کرتے ہیں جس نے قلیل مدت میں غیرمعمولی ترقیاتی نتائج حاصل کیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز ڈیلی، پیپلز ڈیلی ہائی وائی نیٹ، ژنہوا نیٹ اور گوانگشی ٹی وی کو …
چین کی ترقیاتی حکمت عملی اور عوامی مشاورت پر مبنی نظام حکمرانی کی عکاسی کرتے ہیں، سفیر خلیل ہاشمی
بیجنگ ۔6مارچ (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ چین کے جاری ’’ٹو سیشنز‘‘ پندرہویں پانچ سالہ منصوبے اور حکومتی ورک رپورٹ چین کی ترقیاتی حکمت عملی اور عوامی مشاورت پر مبنی نظام حکمرانی کی عکاسی کرتے ہیں جس نے قلیل مدت میں غیرمعمولی ترقیاتی نتائج حاصل کیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز ڈیلی، پیپلز ڈیلی ہائی وائی نیٹ، ژنہوا نیٹ اور گوانگشی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویوز میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’پورے عمل پر مبنی عوامی جمہوریت‘‘ کا تصور چین کے نظام حکمرانی کا بنیادی حصہ ہے جس میں عوامی شمولیت اور مشاورت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ چین کا پانچ سالہ منصوبہ ایک جامع منصوبہ بندی کا خاکہ ہے جو پالیسیوں میں تسلسل، لچک، پیش بینی اور استحکام کو یقینی بناتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کے پندرہویں پانچ سالہ منصوبے میں بیان کردہ ترجیحات پاکستان کے قومی اقتصادی تبدیلی کے منصوبے ’’اڑان پاکستان‘‘ کے ساتھ قریبی ہم آہنگی رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین زراعت، آئی سی ٹی، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل و سبز ترقی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔
پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ سنگ میل دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اور منفرد دوستی کی علامت ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات حکومتوں، کاروباری اداروں اور عوامی سطح پر مزید وسعت اور مضبوطی حاصل کریں گے۔









