لاہور۔7مارچ (اے پی پی):پاکستان ٹینس کے لیے بین الاقوامی سطح پر ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں آٹھ پاکستانی عہدیداروں کو 2026/27کی مدت کے لیے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن اور ایشیئن ٹینس فیڈریشن کی مختلف باوقار کمیٹیوں میں شامل کر لیا گیا ہے۔ان تقرریوں کو عالمی سطح پر ٹینس کی ترقی اور فروغ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی …
پاکستان ٹینس کیلئے بین الاقوامی سطح پر اہم پیشرفت، آٹھ پاکستانی عہدیدار آئی ٹی ایف و اے ٹی ایف کی مختلف کمیٹیوں میں شامل
لاہور۔7مارچ (اے پی پی):پاکستان ٹینس کے لیے بین الاقوامی سطح پر ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں آٹھ پاکستانی عہدیداروں کو 2026/27کی مدت کے لیے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن اور ایشیئن ٹینس فیڈریشن کی مختلف باوقار کمیٹیوں میں شامل کر لیا گیا ہے۔ان تقرریوں کو عالمی سطح پر ٹینس کی ترقی اور فروغ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی کمیٹیوں میں پاکستان کے اسٹار ٹینس کھلاڑی اور صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن عیصم الحق قریشی کو آئی ٹی ایف ایتھلیٹ کمیشن میں شامل کیا گیا ہے۔
اس کمیشن میں دنیا کے معروف سابق کھلاڑی بھی شامل ہیں جن میں فرانس کی میری پیئرس، آسٹریلیا کے مارک وڈفورڈے، کروشیا کی ایوا ماجولی، اسپین کی ارانتزا سانچیز وکاریو، اسپین ہی کے فیلیسیانو لوپیز اور امریکہ کی مولی لیوی شامل ہیں۔ اسی طرح سارہ منصور کو آئی ٹی ایف کوچز کمیشن جبکہ سید محمد علی مرتضی کو آئی ٹی ایف جونیئر کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ایشیئن ٹینس فیڈریشن کی مختلف کمیٹیوں میں بھی پاکستانی نمائندوں کو اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ سلیم سیف اللہ خان کو فنانس کمیٹی، ڈیویلپمنٹ ایڈوائزر گروپ اور لیگل، آئین و اخلاقیات کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
اسی طرح ضیاء الدین طفیل کو جونیئر اور کوچز ڈویلپمنٹ کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے جبکہ رشید ملک کو مارکیٹنگ اور اسپانسرشپ کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ شہزاد اختر علوی کو ٹورنامنٹ آفیشی ایٹنگ کمیٹی میں ذمہ داریاں دی گئی ہیں، سارہ منصور ایڈوانٹیج آل کمیٹی کا حصہ ہوں گی جبکہ محمد خالد رحمانی کو سینئر، وہیل چیئر اور بیچ ٹینس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سرپرست سلیم سیف اللہ خان نے کہا کہ یہ تقرریاں بین الاقوامی ٹینس اداروں کی جانب سے پاکستانی عہدیداران پر اعتماد کا مظہر ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان ٹینس کی عالمی سطح پر ترقی اور نظم و نسق میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کا عالمی سطح پر اہم عہدوں پر منتخب ہونا ملک کے لیے باعث فخر ہے۔صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن عیصم الحق قریشی نے ان تقرریوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کمیٹیوں میں پاکستانی نمائندوں کی شمولیت ملک کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔
اس اعتراف سے عالمی ٹینس میں پاکستان کا کردار مزید مضبوط اور خطے میں کھیل کے فروغ کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔سیکرٹری جنرل ضیاء الدین طفیل نے بھی تمام عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے انجام دیں اور ملک کا نام روشن کریں گے۔









