اسلام آباد۔ 07 مارچ (اے پی پی):سپریم کورٹ نے اراضی فروخت کے ایک متنازعہ کیس میں واضح کیا کہ معاہدے کی قانونی حیثیت دونوں فریقین کی رضامندی اور دستخط کے بغیر قائم نہیں ہوتی اور یکطرفہ دعوے کے ذریعے قانونی تحفظ حاصل کرنا ممکن نہیں۔رپورٹنگ کے لیے منظور شدہ تحریری تفصیلی فیصلہ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل …
معاہدے کی قانونی حیثیت فریقین کی رضامندی اور دستخط کے بغیر قائم نہیں ہوتی ،سپریم کورٹ

مزید خبریں
اسلام آباد۔ 07 مارچ (اے پی پی):سپریم کورٹ نے اراضی فروخت کے ایک متنازعہ کیس میں واضح کیا کہ معاہدے کی قانونی حیثیت دونوں فریقین کی رضامندی اور دستخط کے بغیر قائم نہیں ہوتی اور یکطرفہ دعوے کے ذریعے قانونی تحفظ حاصل کرنا ممکن نہیں۔رپورٹنگ کے لیے منظور شدہ تحریری تفصیلی فیصلہ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سیالکوٹ میں اراضی کے فروخت کے ایک متنازعہ یکطرفہ معاہدہ کے کیس میں اپیل کی اجازت مسترد کر دی۔
عدالت نے لاہور ہائی کورٹ اور پہلی اپیلیٹ عدالت کے فیصلوں کو برقرار رکھا۔مدعی کے قانونی ورثاء نے دعویٰ کیا تھا کہ 15 فروری 1993 کو ایک معاہدہ برائے فروخت طے پایا تھا جس کی بنیاد پر زمین کی منتقلی اور مخصوص کارکردگی (Specific Performance) کا حق حاصل ہے۔ تاہم عدالت کے مطابق یہ معاہدہ یکطرفہ تھا اور اس پر مدعی کے دستخط یا انگوٹھا موجود نہیں تھا، جبکہ مدعا علیہان نے اسے جعلی اور من گھڑت قرار دیا تھا۔
عدالت نے مزید واضح کیا کہ پہلے اپیلیٹ عدالت نے شواہد کا درست جائزہ لیا اور مدعی کی جانب سے پیش کردہ شواہد میں تضادات موجود تھے، خاص طور پر اسٹامپ پیپر کی خریداری، معاہدے کی تحریر اور بیعانہ کی ادائیگی کے حوالے سے۔ مدعی معاہدے کی تکمیل ثابت کرنے میں ناکام رہا۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ لاہور ہائی کورٹ اور پہلی اپیلیٹ عدالت کے فیصلے قانونی طور پر درست ہیں، اور دوسری اپیل صرف قانونی نکات کے جائزے کے لیے ہوتی ہے۔
اس لیے پہلے اپیلیٹ عدالت کے حقائق پر مبنی فیصلے میں دوبارہ مداخلت ممکن نہیں۔عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد اپیل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یکطرفہ دعووں پر مبنی معاہدے کو نافذ کرنا قانون کے دائرے میں ممکن نہیں، اور کسی بھی معاہدے کی قانونی قوت دونوں فریقین کی رضامندی اور دستخط کے بغیر قائم نہیں ہو سکتی۔







