کولمبو ۔8مارچ (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان اس ٹورنامنٹ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو کیوی ٹیم کو واضح برتری حاصل رہی ہے۔ میزبان اور دفاعی چیمپئن ہونے کے باعث بھارت کو فائنل میں فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ اب تک بھارت …
آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ میگا ایونٹس میں بھارت کے خلاف ناقابل شکست
کولمبو ۔8مارچ (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان اس ٹورنامنٹ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو کیوی ٹیم کو واضح برتری حاصل رہی ہے۔ میزبان اور دفاعی چیمپئن ہونے کے باعث بھارت کو فائنل میں فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ اب تک بھارت کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا مقابلہ 2007 کے افتتاحی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جوہانسبرگ میں کھیلا گیا تھا جہاں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 10 رنز سے شکست دی تھی۔
اس میچ میں کیوی کپتان ڈینیئل ویٹوری نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیٹنگ میں بھی تیز رفتار 15 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 190 رنز بنائے تھے جبکہ بھارت ہدف کے تعاقب میں کامیاب نہ ہو سکا۔ اس میچ میں برینڈن میک کولم نے 45 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا جبکہ کریگ میک ملن اور جیکب اورم نے بھی اہم کردار ادا کیا۔اس کے بعد دونوں ٹیمیں 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناگپور میں آمنے سامنے آئیں جہاں نیوزی لینڈ نے ایک اور کامیابی حاصل کی۔ اس کم اسکورنگ میچ میں کیوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز بنائے اور پھر بھارتی ٹیم کو صرف 79 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
اس میچ میں نیوزی لینڈ کے اسپنرز نے شاندار بولنگ کی، نیتھن میک کولم نے دو، ایش سودھی نے تین جبکہ مچل سینٹنر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی اور ایم ایس دھونی ہی کچھ مزاحمت دکھا سکے۔تیسرا مقابلہ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دبئی میں ہوا جہاں نیوزی لینڈ نے بھارت کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی۔
اس میچ میں بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 110 رنز بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی اور ایڈم ملن نے مؤثر بولنگ کی۔ ہدف کے تعاقب میں مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے جارحانہ آغاز فراہم کیا جبکہ ڈیرل مچل نے 49 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ بعد ازاں کین ولیمسن نے وننگ شاٹ کھیل کر ٹیم کو آسان فتح دلا دی۔یوں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک ہونے والے تینوں مقابلوں میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دی ہے، جس کے باعث فائنل سے قبل اس ریکارڈ کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔









