اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اُڑان سکوٹی اینڈ موٹر رائیڈنگ سکول کے پہلے بیچ کی گریجویشن تقریب

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کے اُڑان سکوٹی اینڈ موٹر رائیڈنگ سکول کے پہلے بیچ کی گریجویشن تقریب اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی، جہاں 100 خواتین نے کامیابی سے اپنی تربیت مکمل کی۔ آئی ٹی پی افسر نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے بطور مہمان …

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کے اُڑان سکوٹی اینڈ موٹر رائیڈنگ سکول کے پہلے بیچ کی گریجویشن تقریب اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی، جہاں 100 خواتین نے کامیابی سے اپنی تربیت مکمل کی۔

آئی ٹی پی افسر نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی، جبکہ موقع پر دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پی اُڑان سکوٹی اینڈ موٹر رائیڈنگ سکول کے پہلے بیچ میں 100 خواتین نے کار ڈرائیونگ اور سکوٹی چلانے کی تربیت مکمل کی۔تربیتی کورس کے دوران شرکاء کو گاڑیاں چلانے اور سکوٹی چلانے کے عملی مہارت سکھائی گئیں۔انہیں گاڑیوں کی بنیادی دیکھ بھال اور ٹائر تبدیل کرنے کی تربیت بھی دی گئی۔ تقریب کے دوران سی ٹی او حمزہ نے کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والی خواتین میں ڈرائیونگ لائسنس اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ نے کہا کہ آئی ٹی پی اُڑان سکول آئی جی پی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے وژن کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کی طرف ایک انقلابی قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سکول نہ صرف خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کرتا ہے بلکہ ان میں اعتماد اور خودمختاری کو بھی فروغ دیتا ہے۔سی ٹی او نے کہا کہ یہ اقدام خواتین کے لیے محفوظ اور خودمختار نقل و حرکت کو یقینی بنانے میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے وہ آزادانہ اور محفوظ طور پر سفر کر سکیں گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ آئی ٹی پی اُڑان سکوٹی اینڈ موٹر رائیڈنگ سکول کے دوسرے بیچ کے لیے رجسٹریشن شروع ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکول بین الاقوامی معیار کے تربیتی انتظامات فراہم کرتا ہے، جہاں خواتین انسٹرکٹرز کے ذریعے پیشہ ورانہ تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سہولت خاص طور پرجڑواں شہروں راولپنڈی ،اسلام آباد کی طالبات اور ملازمت کرنے والی خواتین کے لیے مفید ہے، جو ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور خود اعتمادی کو بڑھانے میں مدد دیتی ہے۔