اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اتوار کے روز اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (AFC) ویمنز فٹ بال ڈے کو’’ویمن اِن پلے: رمضان فٹ بال فیسٹیول‘‘ کے انعقاد کے ذریعے بھرپور انداز میں منایا۔ اس موقع پر رنگا رنگ ماحول اور سنسنی خیز مقابلوں نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ اس موقع …
پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے اے ایف سی ویمنز فٹ بال ڈے رمضان فیسٹیول کے ساتھ منایا

مزید خبریں
اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اتوار کے روز اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (AFC) ویمنز فٹ بال ڈے کو’’ویمن اِن پلے: رمضان فٹ بال فیسٹیول‘‘ کے انعقاد کے ذریعے بھرپور انداز میں منایا۔ اس موقع پر رنگا رنگ ماحول اور سنسنی خیز مقابلوں نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ اس موقع پر خواتین فٹ بال کو فروغ دینے اور زیادہ سے زیادہ لڑکیوں اور خواتین کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے مقصد سے ایک غیر مسابقتی فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد خواتین فٹ بال کی نمایاں حیثیت کو اجاگر کرنا اور یہ پیغام دینا تھا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی خواتین کے کھیل کے فروغ کے لیے وابستگی صرف اس دن تک محدود نہیں بلکہ سال بھر خواتین کی شرکت بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ فیسٹیول میں پانچ کلبز — لیگیسی، اسٹرائیکرز، اسمرفس، ہائی لینڈرز اور انفینائٹ — نے شرکت کی اور خواتین کے بااختیار ہونے کے پیغام کو فٹ بال کے ذریعے اجاگر کیا۔ اس موقع پر لیگیسی کی شانزہ خان کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ اسٹرائیکرز کی اسرا ٹورنامنٹ کی ٹاپ اسکورر رہیں۔ اسمرفس جونیئر کی علینہ بلال نے بہترین گول کیپر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ فٹ بال کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کی اس تقریب میں موجودہ اور سابق قومی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ خواتین مستقبل میں پاکستان میں فٹ بال کے فروغ اور سمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے اس موقع پر کہا “ہم ملک میں خواتین فٹ بال کی مسلسل ترقی اور اس کھیل میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کا جشن منا رہے ہیں۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ خواتین کی فٹ بال میں شرکت بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔“یہ سال پاکستان کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ کسی بھی پاکستانی ٹیم کی پہلی مرتبہ فیفا ایونٹ میں شرکت ہونے جا رہی ہے اور یہ اعزاز پاکستان ویمنز نیشنل ٹیم کو حاصل ہوگا جو اگلے ماہ کوٹ ڈی آئیور میں منعقد ہونے والی فیفا سیریز میں شرکت کرے گی۔“پاکستان فٹ بال فیڈریشن خواتین کی ٹیموں کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ایسا مضبوط نظام قائم کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے جس سے ملک میں خواتین فٹ بال کو پائیدار بنیادوں پر فروغ مل سکے۔” پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی ڈائریکٹر ویمنز فٹ بال، میزگان اورکزئی نے کہا “بطور سابق پاکستان نیشنل ٹیم کھلاڑی، میرا اولین مشن فٹ بال میں خواتین کے کردار کو بڑھانا ہے، چاہے وہ میدان کے اندر ہو یا باہر۔ “دنیا بھر میں خواتین فٹ بال میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور میرا پختہ یقین ہے کہ پاکستان کو اس سفر میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔ اے ایف سی ویمنز فٹ بال ڈے کے موقع پر میں اس عزم کا اعادہ کرتی ہوں کہ ایسے مزید جامع اور سازگار ماحول پیدا کیے جائیں گے جہاں خواتین پاکستان میں فٹ بال کے مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں۔








