وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق یوم علی پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں گے، خواجہ سلمان رفیق

لاہور۔9مارچ (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں یوم علی کرم اللہ وجہہ کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق کا کہنا …

لاہور۔9مارچ (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں یوم علی کرم اللہ وجہہ کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق یوم علی کرم اللہ وجہہ پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں گے۔ مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور مزارات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقررین کسی بھی فرقے کے خلاف قابل اعتراض اور اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں۔ پنجاب بھر میں اسلحہ رکھنے اور اسکی نمائش پر سختی سے پابندی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق اداروں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت ہائی الرٹ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ تمام فیلڈ فارمیشنز یومِ شہادت حضرت علی پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کواڈ کاپٹرز کے ذریعے مرکزی جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی۔

سیکرٹری داخلہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر گروپ وارانہ اور قابل اعتراض مواد کو واٹس ایپ نمبرز 03073087777اور 03073097777پر رپورٹ کریں تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔ آئی جی پولیس راو عبد الکریم نے بتایا کہ یوم علی کی مناسبت سے تمام انتظامات مکمل ہیں اور سکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ تمام شہروں کے داخلی خارجی راستوں پر حفاظتی اقدامات اور چیکنگ یقینی بنائی جائے گی۔ آئی جی پولیس نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور بریفنگ دی۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارہ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو نے اجلاس میں شرکت کی۔ وڈیو لنک کے ذریعے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد سیال، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ عمران احمر، سی سی پی او لاہور، پنجاب بھر سے کمشنرز اور آر پی اوز نے اجلاس میں شرکت کی اور بریفنگ دی۔