نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کے کامیاب بولی دہندہ عارف حبیب کارپوریشن کی سربراہی میں بننے والے کنسورشیم میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی شمولیت کی توثیق کر دی۔
نائب وزیراعظم کی زیر صدارت نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ، پی آئی اے کے کامیاب بولی دہندہ عارف حبیب کارپوریشن کنسورشیم میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی شمولیت کی توثیق کر دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کے کامیاب بولی دہندہ عارف حبیب کارپوریشن کی سربراہی میں بننے والے کنسورشیم میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی شمولیت کی توثیق کر دی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی (سی سی او پی) کے اجلاس کی صدارت کی جس میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ (ایف ایف سی ایل) کو بطور اضافی کنسورشیم ممبر شامل کرنے کی سمری پر غور کیا گیا۔
بدھ کو نائب وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق کابینہ کمیٹی نے اجلاس میں تفصیلی غور و خوض کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کے کامیاب بولی دہندہ عارف حبیب کارپوریشن کی سربراہی میں بننے والے کنسورشیم میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی شمولیت کی توثیق کر دی۔ یہ شمولیت پی آئی اے سی ایل کے لیے طے شدہ بولی کی دستاویزات (بڈ ڈاکومنٹس) کی منظور شدہ شرائط کے مطابق کی گئی ہے۔
فیصلے کے اہم نکات میں شامل ہے کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی ایل)، پی آئی اے کی نجکاری کے لیے کامیاب بولی دہندہ کی جانب سے قائم کردہ خصوصی کمپنی (ایس پی وی) ’’پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ‘‘ کے 33.99 فیصد آرڈینری حصص خریدے گی۔ بولی کی دستاویزات کی شرائط کے مطابق عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ ہی اس کنسورشیم کے سربراہ (لیڈ ممبر) کے طور پر برقرار رہے گی۔کابینہ کمیٹی (سی سی او پی) کا یہ فیصلہ حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو ارسال کیا جائے گا۔اجلاس میں وفاقی وزراء برائے خزانہ، محصولات، توانائی، نجکاری کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر، وزیر مملکت برائے خزانہ، معاون خصوصی طارق باجوہ، کابینہ، نجکاری اور قانون و انصاف کے سیکرٹریز سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔








