پنجاب فوڈاتھارٹی کارروائی، جعلی کولڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی،مشروبات تلف

ید کے موقع پر سپلائی کے لیے تیار کی جانے والی جعلی کولڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑ لی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کرول گھاٹی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز کی جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مار کر ہزاروں لیٹر جعلی مشروبات تلف کر دئیے اور مقدمہ درج کر لیا۔

لاہور۔11مارچ (اے پی پی):عید کے موقع پر سپلائی کے لیے تیار کی جانے والی جعلی کولڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑ لی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کرول گھاٹی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز کی جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مار کر ہزاروں لیٹر جعلی مشروبات تلف کر دئیے اور مقدمہ درج کر لیا۔ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران 15ہزار لیٹر تیار کولڈ ڈرنکس، 150لٹر محلول اور 700خالی بوتلیں تلف کر دی گئیں جبکہ 3فلنگ مشینیں، 8گیس سلنڈر اور پریشر پمپ بھی ضبط کر لیے گئے۔ چھاپے کے وقت 11افراد جعلی بوتلوں کی تیاری میں مصروف پائے گئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق جعلی کولڈ ڈرنکس غیر فلٹر شدہ نلکے کے پانی، کھلے رنگ، فلیور اور ممنوعہ اجزا سے تیار کی جا رہی تھیں اور مختلف معروف برانڈز کی نقلی لیبلنگ لگا کر بوتلیں مارکیٹ میں سپلائی کی جا رہی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ بغیر منظور شدہ فارمولے سے تیار کردہ یہ مشروبات انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہو سکتے ہیں۔کارروائی کے دوران یونٹ میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے جبکہ تیار محلول کو بغیر ڈھانپے ممنوعہ ڈرموں میں رکھا گیا تھا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ جعلسازی کا مکروہ دھندہ رہائشی علاقے میں چھپ کر کیا جا رہا تھا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ویجیلنس ٹیم نے سپلائی چین کی ریکی کے بعد یونٹ کا سراغ لگایا اور کامیاب کارروائی عمل میں لائی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر غذائی شعبدہ بازوں کے خلاف کریک ڈان جاری ہے اور خوراک کے نام پر جعلی کاروبار کرنے والوں کو ہر صورت پنجاب سے نکال باہر کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیمیں 24گھنٹے تین شفٹوں میں متحرک ہیں اور صحت دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

 

مزید خبریں