وفاقی حکومت کی جانب سے کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کی پالیسی کے تحت موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی حدِ رفتار میں کمی کر دی گئی ہے۔ یہ اہم فیصلہ وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں توانائی کے مؤثر استعمال اور ایندھن کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر قابو پانے کے لیے کیا گیا ہے۔
موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی حدِ رفتار میں کمی

مزید خبریں
اسلام آباد۔ 12 مارچ (اے پی پی):وفاقی حکومت کی جانب سے کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کی پالیسی کے تحت موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر گاڑیوں کی حدِ رفتار میں کمی کر دی گئی ہے۔ یہ اہم فیصلہ وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں توانائی کے مؤثر استعمال اور ایندھن کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر قابو پانے کے لیے کیا گیا ہے۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان ثاقب وحید کے مطابق، نئی ہدایات کے تحت موٹرویز پر کار اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (LTV) کی حدِ رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح موٹرویز پر مسافر بردار گاڑیوں (PSV) اور مال بردار گاڑیوں (HTV) کی حدِ رفتار کو بھی 110 کلومیٹر سے گھٹا کر 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دیا گیا ہے۔
قومی شاہراہوں (Highways) کے لیے بھی رفتار کے نئے ضوابط جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق کار اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل (LTV) کی حدِ رفتار اب 100 کلومیٹر کے بجائے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ جبکہ مسافر بردار اور مال بردار گاڑیوں (HTV/PSV) کے لیے ہائی ویز پر رفتار کی حد 80 کلومیٹر سے کم کر کے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔موٹروے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان نئے قوانین کا مقصد ایندھن کی بچت کو فروغ دینا اور قومی سطح پر توانائی کے بحران سے نمٹنا ہے۔ اس ضمن میں موٹروے پولیس نے ملک بھر میں ایک وسیع آگاہی مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے تاکہ مسافروں اور ڈرائیوروں کو نئی مقررہ حدِ رفتار سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جا سکیں۔








