پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)نے پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)نے پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔بدھ کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کے ساتھ برفباری کا امکان ہے ،پہاڑی علاقوں میں سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں ۔

اس کے علاوہ استور، سکردو، ہنزہ اور وادی نیلم میں بارش اور برفباری ، بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور گوادر میں بارش اور ژالہ باری جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے شہروں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان سمیت مختلف شہروں میں بارش متوقع ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، دیر، پشاور اور دیگر علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان اور18 سے 21 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

اس دوران برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ۔این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر تمام صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے عوام اور متعلقہ اداروں تک پیشگی آگاہی کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔ عوام مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے آگاہی اور رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔