ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اپنے حالیہ دورۂ کوئٹہ کے دوران غریب و مستحق افراد میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے تقریباً ایک ہزار خاندانوں میں اپنی ذاتی جیب سے راشن اور عیدی تقسیم کی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی جانب سے کوئٹہ کے مضافاتی علاقوں میں مستحقین میں راشن اور عیدی تقسیم

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 18 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اپنے حالیہ دورۂ کوئٹہ کے دوران غریب و مستحق افراد میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے تقریباً ایک ہزار خاندانوں میں اپنی ذاتی جیب سے راشن اور عیدی تقسیم کی۔ اس موقع پر ان کی جانب سے خصوصی طور پر کوئٹہ کے مضافاتی علاقوں میں رہنے والے مستحقین، مساکین اور نادار افراد پر زیادہ توجہ دی گئی تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہو سکیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کرنا ہم سب کی مشترکہ اخلاقی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے افراد جو غربت اور تنگدستی کا شکار ہیں، ان کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید جیسے خوشیوں بھرے مواقع پر ہمیں اپنے اردگرد موجود غرباء، مساکین اور ضرورت مندوں کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے بلکہ بڑھ چڑھ کر ان کی مدد کرنی چاہیے تاکہ حقیقی معنوں میں خوشیاں سب تک پہنچ سکیں۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں ضرورت مندوں، دکھی اور مصیبت زدہ افراد کی مدد پر خصوصی زور دیا گیا ہے، اور یہ عمل نہ صرف باعثِ اجر و ثواب ہے بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔
اس موقع پر سابق ناظمین، سابق کونسلرز اور دیگر معزز شخصیات بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔آخر میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت موقع پر امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق سے نوازے، دنیا بھر میں جاری تنازعات کا خاتمہ فرمائے اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ عید کی خوشیوں میں مستحق اور نادار طبقات کو ضرور یاد رکھا جائے تاکہ خوشیوں کا حقیقی پیغام ہر گھر تک پہنچ سکے۔








