فروری میں قومی بجلی کا نظام مکمل مستحکم اور مؤثر انداز میں فعال رہا ، توقع سے زیادہ بجلی کی طلب کو کامیابی کے ساتھ پورا کیا گیا، ترجمان پاور ڈویژن

فروری میں قومی بجلی کا نظام مکمل مستحکم اور مؤثر انداز میں فعال رہا ، توقع سے زیادہ بجلی کی طلب کو کامیابی کے ساتھ پورا کیا گیا، ترجمان پاور ڈویژن

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):پاور ڈویژن کے ترجمان نے کہا ہے کہ فروری 2026 کے دوران قومی بجلی کا نظام مکمل استحکام کے ساتھ مؤثر انداز میں فعال رہا اور توقع سے زیادہ بجلی کی طلب کو کامیابی کے ساتھ پورا کیا گیا۔بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں بجلی کی پیداوار اور کھپت دونوں تخمینوں سے زیادہ رہیں جس سے نظام کے بہتر استعمال کی عکاسی ہوتی ہے۔ اس دوران بعض پیداواری یونٹس کی عارضی بندش اور پن بجلی کی دستیابی میں معمول کے مطابق کمی جیسے موسمی عوامل نے مجموعی توانائی کے امتزاج کو متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات کے باوجود نظام کو نہایت ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں چلایا گیا، میرٹ آرڈر کے مطابق بجلی کی ترسیل کو یقینی بنایا گیا اور دستیاب وسائل کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا گیا۔

قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ اس مہینے کے دوران فرنس آئل سے بجلی پیدا نہیں کی گئی جس سے لاگت میں بہتری آئی۔ ترجمان نے کہا کہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ اس مدت کے دوران بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے ایندھن کے تناسب میں تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے، یہ ایک معمول کی ریگولیٹری مشق ہے جو متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق طے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی اہم ہے کہ بجلی کی زیادہ کھپت سے نظام کی استعداد کا بہتر استعمال ممکن ہوتا ہے جس کے نتیجے میں وقت کے ساتھ مجموعی ٹیرف پر اعتدال کا اثر پڑتا ہے، مجموعی طور پر بجلی کا نظام قابلِ اعتماد اور فعال رہا اور تمام تر آپریشنل چیلنجز کے باوجود متوازن اور مؤثر انداز میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔