ریاض۔19مارچ (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب- اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی جس میں حالیہ علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کی میزبانی میں منعقدہ اجلاس میں آذربائیجان، بحرین، مصر، اردن، کویت، لبنان، قطر، شام، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے …
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ریاض میں عرب۔اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت

مزید خبریں
ریاض۔19مارچ (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب- اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی جس میں حالیہ علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کی میزبانی میں منعقدہ اجلاس میں آذربائیجان، بحرین، مصر، اردن، کویت، لبنان، قطر، شام، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نائب وزیرِ اعظم نے خطے کے تمام برادر ممالک کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سیاسی آزادی کےلئے مکمل حمایت کا اظہار کیا اور ان کی سرزمین کے خلاف تمام حملوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے امتِ مسلمہ کے اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جاری تنازعہ کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کیا اور بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل کےلئے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا۔سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وسیع تر خطے کو متاثر کرنے والے موجودہ بحران کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے علاقائی ممالک کے خلاف جاری جارحیت اور اشتعال انگیزیوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے شہریوں کے خلاف بلاجواز حملوں کے ساتھ ساتھ توانائی اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی اور ایسے تمام اقدامات کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو خطے اور اس سے باہر توانائی کے تحفظ کو متاثر کرسکتے ہیں اور عالمی معاشی چیلنجز کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔ نائب وزیراعظم نے شرکاء کو بحران کے حل کےلئے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان علاقائی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ اجلاس کے اختتام پر عرب-اسلامی ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دورے کے دوران حکومت اور پاکستان کے عوامِ کی جانب سے سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کو بھرپور یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا پیغام بھی پہنچایا۔
وزارتی اجلاس کے موقع پر نائب وزیرِ اعظم نے ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان اور آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بیراموف سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں جن میں تازہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ نے مصر، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے چار ملکی اجلاس میں بھی شرکت کی جو اس موقع پر منعقد ہوا۔








