عیدالفطر پر اسلام آباد میں فول پروف سکیورٹی پلان، 7 ہزار اہلکار تعینات

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس نے چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں جامع سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت 7 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور رضاکار تعینات کیے جائیں گے۔پولیس حکام کے مطابق 3 ہزار سے زائد اہلکار مساجد، امام بارگاہوں اور عید اجتماعات کی سکیورٹی پر مامور ہوں گے، جبکہ شہریوں کو باڈی …

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس نے چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں جامع سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت 7 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور رضاکار تعینات کیے جائیں گے۔پولیس حکام کے مطابق 3 ہزار سے زائد اہلکار مساجد، امام بارگاہوں اور عید اجتماعات کی سکیورٹی پر مامور ہوں گے، جبکہ شہریوں کو باڈی سرچنگ کے بعد مخصوص داخلی راستوں سے نماز میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

سکیورٹی کے پیش نظر عبادت گاہوں کے قریب پارکنگ پر بھی سخت پابندی عائد ہوگی۔ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 500 سے زائد ٹریفک اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ ون ویلنگ اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے سدباب کے لیے خصوصی ناکے بھی قائم کیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق عوامی اور تفریحی مقامات پر 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، جہاں پیدل، سائیکل اور گھڑ سوار گشت کے ساتھ خصوصی پولیس دستے بھی فرائض انجام دیں گے۔

فیملی پارکس میں صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ لیڈی پولیس اہلکار بھی تعینات رہیں گی۔پولیس موبائلز، ڈولفن اسکواڈ اور دیگر پٹرولنگ یونٹس شہر بھر میں مسلسل گشت کریں گے، اور ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عیدالفطر کے دوران شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔