وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی عرب جمہوریہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفون پر گفتگو ،عیدالفطر کی مبارکباد دی

لاہور۔20مارچ (اے پی پی):پاکستان اور عرب جمہوریہ مصر نے خلیج میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ جمعہ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عرب جمہوریہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف …

لاہور۔20مارچ (اے پی پی):پاکستان اور عرب جمہوریہ مصر نے خلیج میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ جمعہ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عرب جمہوریہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گرمجوش اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر السیسی اور مصر کے برادر عوامِ کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ، صدر السیسی نے بھی وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو عید کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور میں مصر کے تعمیری سفارتی کردار کو سراہا، خصوصاً مشرق وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے اس کی نمایاں کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں۔