اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عیدالفطر کے بابرکت موقع پر امتِ مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس مقدس دن کی حقیقی روح کو اپناتے ہوئے عالمی سطح پر امن، یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جمعہ کو جاری اپنے خصوصی …
چیئرمین سینیٹ کی عیدالفطر کے بابرکت موقع پر امتِ مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم کو مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عیدالفطر کے بابرکت موقع پر امتِ مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس مقدس دن کی حقیقی روح کو اپناتے ہوئے عالمی سطح پر امن، یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جمعہ کو جاری اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عیدالفطر محض خوشی کا تہوار نہیں بلکہ شکر گزاری، اخوت اور انسانی ہمدردی کا عملی مظہر ہے، جو رمضان المبارک کی روحانی تربیت کے بعد ہمیں اجتماعی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں انفرادی و اجتماعی سطح پر برداشت، رواداری اور محبت کو فروغ دینا ہو گا تاکہ ایک پرامن معاشرہ کی بنیاد رکھی جا سکے۔چیئرمین سینیٹ نے خاص طور پر دنیا میں جاری تنازعات، عدم استحکام اور چیلنجز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمِ اسلام سے اپیل کی کہ باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ مسلم امہ اجتماعی دانش اور حکمت کے ساتھ مسائل کا حل تلاش کرے اور دنیا میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عالمِ اسلام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ فرمائے، جنگ زدہ علاقوں میں بسنے والے مسلمانوں پر اپنی رحمت نازل کرے اور دنیا کو پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی سے ہمکنار کرے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر قوم کو تلقین کی کہ عید کی خوشیوں میں مستحق اور کمزور طبقات کو شامل کیا جائے تاکہ معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام قومی اتحاد، قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عید کو پوری امتِ مسلمہ کے لیے رحمت، برکت اور خوشیوں کا ذریعہ بنائے اور پاکستان کو امن، ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن رکھے۔








