ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا عیدالفطر پر پیغام

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر امتِ مسلمہ اور پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر ہمیں صبر، ایثار اور تقویٰ کی ان اقدار کی یاد دلاتی ہے جو رمضان المبارک کے دوران ہم نے سیکھیں اور جنہیں اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی …

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر امتِ مسلمہ اور پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر ہمیں صبر، ایثار اور تقویٰ کی ان اقدار کی یاد دلاتی ہے جو رمضان المبارک کے دوران ہم نے سیکھیں اور جنہیں اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عید کا دن ہمیں نہ صرف خوشیاں بانٹنے کا درس دیتا ہے بلکہ یہ موقع ہمیں اس بات کا بھی احساس دلاتا ہے کہ ہم اپنے اردگرد موجود ضرورت مند اور محروم افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مہذب اور متوازن معاشرہ اسی وقت تشکیل پاتا ہے جب اس میں ہمدردی، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج عالمِ اسلام کو درپیش چیلنجز، باہمی اختلافات اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اس امر کی متقاضی ہے کہ مسلم امہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے امن، استحکام اور ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی، برداشت اور جمہوری اقدار کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب کو مل کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہو گا جہاں قانون کی بالادستی، انصاف اور مساوات کو یقینی بنایا جا سکے۔

سیدال خان ناصر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت موقع پر امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق کی دولت سے مالا مال کرے، دنیا بھر میں جاری تنازعات کا خاتمہ فرمائے اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے۔ اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے قوم پر زور دیا کہ عید کی خوشیوں میں مستحق اور نادار طبقات کو ضرور یاد رکھا جائے تاکہ حقیقی معنوں میں عید کی خوشیاں سب تک پہنچ سکیں۔