اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستانی قوم سمیت مسلم امہ کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبہ کے فروغ اور شکر گزاری کا درس دیتی ہے۔قومی اسمبلی میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری اپنے بیان میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ عید کا تہوار ہمیں اہلِ خانہ، دوستوں اور ضرورت مندوں …
سپیکر قومی اسمبلی سردار کی قوم سمیت مسلم امہ کو عید الفطر کی مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستانی قوم سمیت مسلم امہ کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبہ کے فروغ اور شکر گزاری کا درس دیتی ہے۔قومی اسمبلی میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری اپنے بیان میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ عید کا تہوار ہمیں اہلِ خانہ، دوستوں اور ضرورت مندوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں عید الفطر کے موقع پر مستحق اور نادار افراد کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کے پیشِ نظر ہمیں اپنی ذاتی زندگیوں میں کفایت شعاری کو فروغ دینا ہوگا، قومی استحکام کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون اور امن و امان کے قیام میں کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ سماجی، سیاسی اور معاشی استحکام کے فروغ کےلئے ہر پاکستانی کو اپنا کردار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ الخوارج کی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے،پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ الخوارج کے مکمل خاتمہ کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے اجتناب کرنا ہوگا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے افسران و جوان بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں،پاک افواج اور سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے نتیجہ میں شہادت کا رتبہ پانے والے شہریوں اور سکیورٹی اداروں اور مسلح افواج کے جوانوں کے لیے دعاگو ہے، پوری قوم اپنے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔ سردار ایاز صادق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیراور فلسطین کے مسلمانوں کی سیاسی، سماجی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی برادری خطہ کے تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتا ہے اور خطہ سمیت دنیا بھر میں مسائل کے پرامن حل کا حامی ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد، یگانگت اور مشترکہ حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔ سردار ایاز صادق نے دعا کی کہ عید الفطر کا یہ بابرکت دن ہر پاکستانی کے لیے خوشی، امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔








