اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے قوم و مسلم اُمہ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبے کو فروغ دینے اور شکرگزاری کا درس دیتی ہے،پاکستان مذاکرات اور امن کے ذریعہ تنازعات کے حل کا حامی ہے، عالمی برادری بھی کردار ادا کرے،عید کی خوشیوں …
سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی قوم و مسلم اُمہ کو عید الفطر کی مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے قوم و مسلم اُمہ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبے کو فروغ دینے اور شکرگزاری کا درس دیتی ہے،پاکستان مذاکرات اور امن کے ذریعہ تنازعات کے حل کا حامی ہے، عالمی برادری بھی کردار ادا کرے،عید کی خوشیوں میں ضرورت مند اور نادار افراد کو شامل کریں۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری مشترکہ پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید الفطر کے موقع پر پوری قوم اور مسلم اُمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبہ کو فروغ دینے اور شکرگزاری کا درس دیتی ہے۔ عید کا تہوار اہلِ خانہ، دوستوں اور ضرورت مندوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ خوشی کے اس پُرموقع پر ہمیں مستحق اور نادار افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے اور دل کھول کر ان کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کے پیشِ نظر ہمیں اپنی ذاتی زندگیوں میں کفایت شعاری کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی استحکام کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون اور ملک میں امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہر پاکستانی کو سماجی، سیاسی اور معاشی استحکام کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کی غیر متزلزل کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ الخوارج کی دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے افسران و جوان کی دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج دہشتگرد عناصر کے مکمل خا تمہ کے لیے پُرعزم ہے۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے نتیجہ میں شہادت کا رتبہ حاصل کرنے والے شہریوں اور سکیورٹی اداروں و مسلح افواج کے جوانوں کے لیے دعاگو ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے زور دیا کہ ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے مکمل اجتناب ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین بھی ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ محبت، رواداری اور بھائی چارے کے ساتھ پیش آئیں تاکہ معاشرتی ہم آہنگی قائم رہے اور ملک میں امن و سکون کی فضا فروغ پائے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عید کے موقع پر فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیر اور فلسطین کی عوام کی آزادی کی جدو جہد کی سیاسی، سماجی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ سردار ایاز صادق نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خطہ میں جاری تنازعات کے پرامن حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتا ہے اور خطہ سمیت دنیا بھر میں مسائل کے پرامن حل کا حامی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دعا کی کہ عید الفطر کا بابرکت موقع ہر پاکستانی کے لیے خوشی، امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے، اللّٰہ تعالیٰ ہمارے ملک اور قوم کو ہر قسم کے خطرات اور چیلنجز سے محفوظ رکھے، مسلم اُمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اتحاد، یگانگت اور مشترکہ حکمتِ عملی عطا فرمائے اور ہمیں بھائی چارے، محبت اور رواداری کے ساتھ ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے عید الفطر کے بابرکت موقع پر قوم و امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کا تہوار محبت، ہم آہنگی اور انسانیت کے جذبہ کو فروغ دینے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید ہمیں اہلِ خانہ، دوستوں اور ضرورت مندوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کی ترغیب دیتی ہے اور اس موقع پر ہمیں مستحق افراد کا بھرپور خیال رکھنا چاہیے۔ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ موجودہ اقتصادی حالات میں ہم سب کو اپنی ذاتی زندگی میں کفایت شعاری اختیار کرنی چاہیے اور ہر شہری کو ملک کی ترقی، امن و استحکام اور سماجی ہم آہنگی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے پاکستانی قوم کو اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہونے پر سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں اور مسلح افواج کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سید غلام مصطفٰی شاہ نے دعا کی کہ یہ بابرکت عید ہر پاکستانی کے لیے خوشحالی، امن اور ترقی کا پیغام لے کر آئے اور مسلم اُمہ کے درمیان اتحاد اور یگانگت کو مضبوط کرے۔








