عید کا دن خوشی، شکرگزاری، اخوت اور باہمی ہمدردی کا عملی مظہر ہے،ملک محمد احمد خان

لاہور۔21مارچ (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپنے آبائی گائوں کھائی ہٹار، ضلع قصور میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد انہوں نے اہلِ علاقہ سے ملاقاتیں کیں اور ان کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔اس موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی قوم کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید …

لاہور۔21مارچ (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپنے آبائی گائوں کھائی ہٹار، ضلع قصور میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد انہوں نے اہلِ علاقہ سے ملاقاتیں کیں اور ان کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔اس موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی قوم کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کا دن خوشی، شکرگزاری، اخوت اور باہمی ہمدردی کا عملی مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں تقوی، صبر اور ایثار کا درس دیتا ہے، ہمیں ان کو اپنی روزمرہ زندگیوں کا حصہ بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اعلی اقدار کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ملک محمد احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد اور ہم آہنگی ناگزیر ہے اور ہمیں برداشت، رواداری اور یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا جبکہ انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے اجتناب ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے استحکام اور سلامتی کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور افسران و جوانوں کی لازوال خدمات پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے دعا کی کہ عید الفطر امت مسلمہ میں بھائی چارے کے جذبے کو مزید مضبوط کرے اور اللہ تعالی ہمیں انسانیت کی بھلائی کے لیے مل کر کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بطور قوم دنیا بھر میں امن و سلامتی کے لیے دعا گو ہے اور ملک اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ترقی و استحکام کی نئی منزلیں حاصل کرے گا۔