برآمدکنندگان ڈیجیٹل اقدامات کے ذریعے آن لائن فروخت کی حکمت عملی اپنائیں،چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ مینو فیکچررز اوربرآمد کنندگا ن ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعہ بغیر کسی رکاوٹ کے براہ راست عالمی خریداروں سے روابط قائم کر سکتے ہیں ، د نیا میں بدلتے رجحانات کے تناظر میں ای کامرس اور غیر ملکی خریداروں سے مضبوط روابط کو پاکستانی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی پالیسی اصلاحات کا …

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ مینو فیکچررز اوربرآمد کنندگا ن ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعہ بغیر کسی رکاوٹ کے براہ راست عالمی خریداروں سے روابط قائم کر سکتے ہیں ، د نیا میں بدلتے رجحانات کے تناظر میں ای کامرس اور غیر ملکی خریداروں سے مضبوط روابط کو پاکستانی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی پالیسی اصلاحات کا مستقل حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ عالمی مارکیٹوں تک رسائی ممکن ہو سکے ۔اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں چیئر پرسن سی ٹی آئی اعجاز الرحمان نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں سوشل میڈیا کی حکمت عملی تیار کرنااور ای کامرس پلیٹ فارمز کو بہتر بنانا ایسے اقدامات ہیں جو مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو اپنی مصنوعات آن لائن فروخت کرنے کے بنیادی مسئلے کا حل فراہم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کئی ورچوئل مارکیٹ پلیسز موجود ہیں جہاں پاکستانی قالین برآمدکنندگان اپنے اکائونٹس بنا کر یا متعلقہ پروگرامز میں رجسٹر ہو کر مصنوعات فروخت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آن لائن فروخت کرتے وقت مصنوعات کی تمام تفصیلات اور قیمت واضح اور درست ہونی چاہیے کیونکہ خریدار عموماً انہی معلومات کی بنیاد پر خریداری کا فیصلہ کرتے ہیں۔اعجاز الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستانی ہاتھ سے بنے قالینوں کے مینو فیکچررز اوربرآمدکنندگان کو اپنے کاروبار میں ان ڈیجیٹل اقدامات کو شامل کرتے ہوئے آن لائن فروخت کے منصوبے تیار کرنے چاہئیں تاکہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں اضافہ ہو سکے ۔