پانی کاعالمی دن، ایم ڈی واسا ملتان کی شہریوں سے پانی کے محتاط استعمال کی اپیل

ملتان ۔ 22 مارچ (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے پانی کے عالمی دن پر شہریوں سے پانی کے محتاط اور ذمہ دارانہ استعمال کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی قدرت کا انمول خزانہ ہے اور اس کا ہر قطرہ قیمتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانی کے ضیاع کی روک تھام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اورآج اگرہم نے اس نعمت کی قدر …

ملتان ۔ 22 مارچ (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت نے پانی کے عالمی دن پر شہریوں سے پانی کے محتاط اور ذمہ دارانہ استعمال کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی قدرت کا انمول خزانہ ہے اور اس کا ہر قطرہ قیمتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانی کے ضیاع کی روک تھام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اورآج اگرہم نے اس نعمت کی قدر نہ کی تو آنے والی نسلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ پانی کا عالمی دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم پانی کے تحفظ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور اس کے استعمال میں احتیاط کریں ۔

انہوں نے کہا کہ واسا ملتان شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے شب و روز کوشاں ہے اور شہر میں 1500کلومیٹر طویل واٹر سپلائی نیٹ ورک اور 84ٹیوب ویلوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ روزانہ تین مرتبہ شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔انہوں نےکہا کہ لیکج پوائنٹس کی بروقت مرمت اور واٹر سپلائی نظام کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ پانی کے ضیاع کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں پر بھی لازم ہے کہ وہ گھریلو سطح پر پانی کے استعمال میں احتیاط کریں ،برتن ،کپڑے دھوتے وقت، وضو اور نہانے کے دوران پانی ضائع نہ کریں اور پائپ کے بجائے بالٹی کے استعمال کو ترجیح دیں۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ پانی بچانا نہ صرف شہری ذمہ داری بلکہ ایک اخلاقی ،سماجی اور دینی فریضہ بھی ہے اور ہر فرد کو اس قومی مقصد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ہر گھر تک صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔